حکومت کا عید پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

اضافی تیل اور گیس کا انتظام کرلیا ‘ عید پر ملک کے کسی علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ ذرائع وزارت توانائی

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 جولائی 2022 10:19

حکومت کا عید پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) حکومت نے عید الاضحیٰ پر ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ حکومت نے اضافی تیل اور گیس کا انتظام کرلیا ہے جن سے ضرورت کے تحت پاور پلانٹس چلائے جائیں گے اور عید پر ملک کے کسی علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کیوں کہ عید کی تعطیلات کے دوران دفاتر، فیکٹریاں اور دکانیں بند ہونے کی وجہ سے بھی بجلی کی طلب میں واضح کمی ہوگی۔

گزشتہ روز کابینہ ڈویژن نے عید کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر 5 تعطیلات ہوں گی اور ملک میں عید کے موقع پر پر 8 سے 12 جولائی تک تعطیلات ہوں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ عید پر بھی لوڈشیڈنگ ہوگی ، جن فیڈرز پر زیادہ لوگ بل نہیں دیتے وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ ہوگی، بجلی کی منصوبے نہ چلنے کی وجہ سے پاکستانی عوام کو لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگتنا پڑا تاہم تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں بڑا اضافہ ہوا ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد سے 600 میگا واٹ بجلی منصوبے میں شامل ہوئی۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ پر پردیسیوں کی سہولت اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ دوسرے شہروں میں مقیم لوگ عید پر اپنے گھروں کو جاسکیں ، اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ مسافروں کے رش کے پیش نظر کیا گیا ہے، 8 جولائی صبح 10 بجے پہلی اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے براستہ ملتان، ساہیوال، لاہور سے پشاور پہنچے گی۔ اسی طرح 8 جولائی کو دوسری اسپیشل ٹرین شام 6 بج کر45 منٹ پر کراچی سے براستہ ملتان، فیصل آباد، لاہور پہنچے گی ، 13 جولائی کو تیسری اسپیشل ٹرین لاہور سے صبح11 بج کر30 منٹ پر براستہ فیصل آباد، ملتان سے کراچی پہنچے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں