وزیراعظم ہاوس اور آفس کو ایک ماہ میں شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا

قومی سولرانرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا،حکومت کی کوشش ہے ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنائیں،وزیراعظم شہباز شریف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 7 جولائی 2022 14:22

وزیراعظم ہاوس اور آفس کو ایک ماہ میں شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی2022ء) سولر انرجی کے فروغ کیلئے حکومت نے اقدامات شروع کردئیے،وزیراعظم ہاو س اورآفس کو ہنگامی بنیادوں پر ایک ماہ میں شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا۔قومی سولر انرجی پالیسی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا۔ جبکہ پالیسی کا نفاذ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم ہاو س اورآفس کو ہنگامی بنیادوں پر ایک ماہ میں شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل بنائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی پہلی جامع سولرانرجی پالیسی سامنےلارہےہیں،پالیسی کانفاذصوبوں کی باہمی مشاورت سےہوگا،وزیراعظم شہباز شریف نے سولر انرجی ٹاسک فورس کی تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ متبادل توانائی کے منصوبوں میں صوبوں کی ہم آہنگی ہو۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد کے لیے میٹرو بس سروس گرین اوربلیو لائن کا افتتاح کیا،افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ بس سروس منصوبےسے جڑواں شہروں کےعوام مستفید ہوں گے،گرین اوربلیولائن پرایک ماہ کےلیے مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ماضی کی تاخیر کےازالےکےلیےسب مل کرکام کریں،جبکہ تمام ادارےدکھی انسانیت کی خدمت کےلیےمحنت کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کاشکر ہےتیل کی قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے۔مہنگائی کاسلسلہ گزشتہ 4سال سے جاری ہے،منصوبےمیں تاخیربرداشت نہیں کی جائےگی۔اسلام آبادپولیس کےلیے کیے جانےوالے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی تیل کی قیمت کم ہوگی بجلی اتنی سستی بنے گی۔75سال میں سیاسی جماعتوں اورآمروں نےملک کوکوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔ شمسی توانائی سےپیداکی گئی بجلی سستی ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں