وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں کے حوالے اہم جائزہ اجلاس

اتوار 25 ستمبر 2022 02:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2022ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران ان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دنیا بھر کی اہم قیادت سےملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے عالمی رہنمائوں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی امدادی کاروائیوں اور بحالی کی کوششوں کے بارے آگاہ کیا ،انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے عالمی رہنمائوں کو موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر تباہ کن اثرات اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا جن کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا اور یہ یقین دلایا کہ پورے خلوص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جاےگی۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یقین دلایا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ڈونرز کانفرنس بھی منعقد کرائی جاےگی، انہوں نے کہا کے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام سے مدد لینے کی بات بھی زیر بحث آئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشا الله اس مشکل سے نکل آیئں گے۔وزیراعظم کو نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں