میں اگر اپنے احکامات پر عمل نہ کروا سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا، علی امین گنڈا پور

مریم نواز کی حکومت ٹک ٹاک پر چل رہی ہے، عوام کے لیے کام کرو اور جو حکم دو اس پر عمل کراؤ، پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کرلیا ہے، ملک مزید تجربات برداشت نہیں کرسکتا۔ عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 11:05

میں اگر اپنے احکامات پر عمل نہ کروا سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا، علی امین گنڈا پور
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں اگر اپنے احکامات پر عمل نہ کروا سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا، معاہدے ہوتے ہیں، اچھائی کیلئے معاہدہ کرنا کوئی بری بات نہیں، ایسے معاہدوں کو ڈیل کا نام دینا غلط ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تر کیسز جھوٹے ہیں، ہم عمران خان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، لوگ بتا رہے ہیں کہ ان کو کہا جارہا ہے اگر ایک پارٹی میں رہے تو فارم 45 کو فارم 47 میں تبدیل کر دیا جائے گا، پی ڈی ایم ون کے بعد اب پی ڈی ایم ٹو سے ملک و قوم پر تجربے کرنا بند کریں، دیر آئے درست آئے ان کو اب احساس ہوا ہے کہ غیر قانونی طور پر کسی کے گھر نہیں جاتے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی حکومت ٹک ٹاک پر چل رہی ہے، عوام کے لیے کام کرو اور جو حکم دو اس پر عمل کراؤ، پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کرلیا ہے، ملک مزید تجربات برداشت نہیں کرسکتا، قوم اور ملک کو اندھیروں میں نہ دھکیلیں، عمران خان نے کہا میں پاکستان کی خاطر ان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں، لیکن جب بیٹھنے کا وقت تھا تب یہ لوگ پکڑ دھکڑ کر رہے تھے، اس دوران مینڈیٹ بھی ہمارا چوری ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امین گنڈا پور اور تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کی ضمانتوں میں 27 اپریل تک توسیع کردی، اس حوالے سے کیس کی سماعت انسداد دہشت گری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جہاں علی امین گنڈا پور اور شبلی فراز عدالت میں پیش ہوئے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن تفتیشی افسر کے ہمراہ ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہوئے، عدالت نے علی امین گنڈاپور و دیگرکی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں