وزیر اعظم سے یونیسیف کے وفد کی ملاقات،پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اظہار دلچسپی کی دستاویز پر دستخط

جمعرات 18 اپریل 2024 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد نے ملاقات کی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اظہار دلچسپی کی دستاویز پر دستخط کئے ۔جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد نے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل کی سربراہی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئر مین رانا مشہود بھی شریک تھے۔وفد نے وزیراعظم کو پی ایم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیت اور استعداد میں اضافے کے حوالے سے اشتراک سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے یونیسیف کے پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیراعظم نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اقوام متحدہ کے جنریشن ان لمیٹڈ (جین یو)پروگرام کے حوالے سے اظہار دلچسپی کی دستاویز پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

دستاویز پر پی ایم یوتھ پروگرام کے چیئر مین رانا مشہود اور یونیسیف کے پاکستان میں نمائندے عبداللہ اے فاضل نے وزیراعظم کی موجودگی میں دستخط کیے۔جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے 2018 میں شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم ، تکنیکی تربیت اور اینٹرپرینیئور شپ کے ذریعے باصلاحیت بنانا اور ابتدائی تعلیم اور تربیت کے حوالے سے کام کرنا ہے۔

جین یو پاکستان میں اپنے مکمل آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں نوجوانوں سے متعلق منصوبوں میں 20 ملین کی ابتدائی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ اس دستاویز پر دستخط سے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ جین یو اور پی ایم یوتھ پروگرام اس حوالے سے آپریشنل سٹریٹجک فریم ورک پر مل کر کام کریں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں