پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدورطبقات کی قربانیوں کے اعتراف اور اظہار یکجہتی کے لئے محنت کشوں کا عالمی دن بھرپور انداز میں منایا گیا

بدھ 1 مئی 2024 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں شکاگو کے مزدوروں کی1886 میں اوقات کار اور مناسب معاوضہ کے حق کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور قوموں کی تعمیر و ترقی، صنعت و حرفت اور معیشت کا پہیہ چلانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کے معاشی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے عزم کے تحت یکم مئی بدھ کو محنت کشوں کا عالمی دن بھرپور انداز مین منایا گیا، مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرملک بھر میں سیاسی جماعتوں، مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور محنت کش تنظیموں کی طرف سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور محنت کشوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئر مین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء ، گورنرز و وزرائے اعلیٰ نے خصوصی پیغامات جاری کئے اور محنت کش طبقہ کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے ۔

اس دن ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو، حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، کم لاگت کی رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

حکومت کی طرف سے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس موقع پر عوام نے سڑکوں اور بازاروں میں جمع ہو کر اپنے عہد کی تجدید کرتے ہوئے آجروں کو مناسب اجرت اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کا پیغام دیتے ہوئے اس سال کے تھیم'' مزدوروں کی حفاظت اور کام کی جگہ پر صحت کو یقینی بنانا'' کے تحت دنیا بھر کے مزدور طبقہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

صوبائی حکومتوں کی طرف سے بھی مزدوروں کے معاشی استحکام کے لیے اقدامات کو اجاگر کیا اور محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سیاسی قائدین نے محنت کشوں کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیااورکہا کہ ہمارے کارکنوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔صنعتوں کے ساتھ ساتھ زرعی مزدوروں، کسانوں اور خواتین ورکرز کی بہتری کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

یوم مزدور کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، محنت کش طبقے کی قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی،کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی میں مزدوروں اور محنت کشوں کے ناگزیر شراکت کا اعادہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیاکہ محنت کشوں کی خوشحالی اور تحفظ کسی بھی ریاست کی ترجیحات میں لازم و ملزوم ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں ، آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے محنت کش طبقات سے اظہار یکجہتی کیا اور کم از کم اجرت میں اضافے اور سماجی شعبوں میں محنت کشوں کے حقوق سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

ٹریڈ یونینز، ورکرز فیڈریشنوں اور صحافتی تنظیموں نے بھی مختلف تقریبات کا اہتمام کیا اور محنت کشوں کے حقوق کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان تقریبات میں دنیا بھر کے مزدوروں کے اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ شورش زدہ علاقوں کے محنت کشوں کے حقوق کے لئے بھی آواز اٹھائی جا سکے جو ہنگامی حالات میں سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

پاکستان ورکرزفیڈریشن،نیشنل پریس کلب،راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہوئی جس میں سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری،سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویزاشرف، پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینیٹرناصربٹ، پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یسین، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی، انوررضا، علی رضا علوی، سیکرٹری نیئرعلی،آرآئی یوجے کے صدرطارق علی ورک،جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری،سٹیٹ بنک ڈیموکریٹک ورکرزیونین کے شفقت اللہ وڑائچ، اوجی ڈی سی ایل یونین کے صدرراجہ سلیم، اعجازبخاری، ٹیکسلا کاٹن ملز یونین کے منیر اختربٹ، اے ٹی وی یونین کے صفدرنفیس، پاک پی ڈبلیوڈی نیشنل ورکریونین کے چیئرمین راجہ حسن علی، خالد زمان، سی ڈی اے مزدوریونین کے صدراورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ صوفی محمودعلی، حاجی صابر، مرزاسعید اختر، علی اصغرمانی بٹ، حاجی مشتاق احمد شاہد، اسدمحمود، چوہدر ی زاہد احمد، زاہد حسین بھٹی، راجہ غلام مرتضی، ملک اکمل شہزاد،جاوید خان،سردارنسیم ممتاز، چوہدری منیر، وارث دلیپ، طارق شریف، ملک محمد اسلم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی تنظیموں، مزدوررہنمائوں اور راولپنڈی،اسلام آباد کی ٹریڈ یونینزکے عہدیداران اور مزدوروں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

1886میں شکاگوکے مزدوروں نے اپنی جانیں قربان کرکے تمام محنت کشوں کے لیے اوقات کارکا تعین کروایا جس کی بدولت مزدورآج آٹھ گھنٹے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیتاہے۔ یوم مئی کے موقع پرمحنت کش قائدین نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کی کم ازکم اجرت مقررکی جائے اور لیبرقوانین کو بہتراور آسان بنانے کے لیے ترامیم کی جائیں اور نئے لیبرقوانین کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے، غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کے لیے قانون سازی کرکے ان کو قانونی تحفظ دیا جائے۔

محنت کشوں کے سماجی تحفظ کے اداروں ای اوبی آئی،سوشل سکیورٹی اور ورکرزویلفیئرفنڈمیں رجسٹریشن کو یقینی بنایاجائے، ملک میں چائلڈ لیبراور جبری مشقت کا خاتمہ کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، قائدین نے مزدوروں کے تمام مسائل کے حل کے لیے فوری طور پرسہ فریقی لیبرکانفرنس کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا جس میں تمام سٹیک ہولڈرزشرکت کرکے مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی بناسکیں، پاکستان ورکرز فیڈریشن کی جانب سے مزدوروں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور یقین دلایا گیا کہ فیڈریشن حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر سوشل میڈیا بھی متحرک رہا جبکہ اخبارات ، ٹیلی ویژن چینلز اور دیگر نشریاتی رابطوں پر خصوصی ایڈیشن اور پروگرام شائع اور نشر کئے گئے۔\395

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں