عدت نکاح کیس میں جج پر اعتراض اور کیس منتقلی کی استدعا مسترد

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شارخ ارجمند نے خاور مانیکا کے اعتراض کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 14:21

عدت نکاح کیس میں جج پر اعتراض اور کیس منتقلی کی استدعا مسترد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) عدالت نے عدت نکاح کیس میں خاور مانیکا کے جج پر اعتراض اور کیس منتقلی کی استدعا مسترد کردی، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شارخ ارجمند نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور ریمارکس دیئے کہ ’آئندہ سماعت پر اگر دلائل نہیں دیئے گئے تو سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سُنایا جائے گا‘۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں دوران عدت نکاح کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہورہی ہے، جہاں سیشن جج شاہ رخ ارجمند ان اپیلوں پر سماعت کر رہے ہیں، آج کی سماعت کے آغاز پر عدت کیس میں اہم پیش رفت ہوئی اور شکایت کنندہ خاور مانیکا نے سیشن جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ’میرے خاندان کو تباہ کر دیا آپ کے گھر کے ساتھ یہ ہو تو پتا چلے، مجھے نہیں لگتا کہ انصاف ہوگا اس لیے آپ یہ کیس ٹرانسفر کر دیں‘۔

(جاری ہے)

جج شاہ رخ ارجمند نے جواب دیا کہ ’آپ نے یہ کیسے سوچ لیا؟ کیا کوئی ثبوت ہے کہ میں پی ٹی آئی کے لئے ہمدردی دکھتا ہوں؟ آپ بتائیں مجھ پر کیا الزام ہے؟ میرے 21 سال کے کیرئیر میں پہلی مرتبہ ہوا کہ مجھ پر اعتراض ہوا ہے‘، اس پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’یہ شرم ناک بات ہے اور عدالت پر پریشر ڈالنے کی کوشش ہے، یہ بندہ جھوٹا ہے انتہا کا جھوٹا ہے اس کے جھوٹوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے‘۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس میں کہا کہ ’ہمارے جوڈیشل سسٹم میں جو پارٹی جیت کر جاتی ہے وہ کہتی ہے ہمیں دیر سے انصاف ملا اور جو پارٹی ہار کر جاتی ہے وہ کہتی ہے رشوت لے کر فیصلہ کردیا گیا، کیس اس حد تک سن چکا ہوں کہ کیس کسی اور عدالت میں ٹرانسفر نہیں ہوسکتا‘، بعد ازاں عدت کیس میں خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعدازاں سناتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں