جموں کشمیر کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی میں پانی کی قلت ، انتظامی کمیٹی کی ناقص کارکردگی پر مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

پانی میسر نہ ہونے سے سوسائٹی کربلا کا منظر پیش کرنے لگی، نااہل چیئرمین اور سیکریٹری سوسائٹی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پیر 24 ستمبر 2018 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) جموں کشمیر کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کی ناقص کارکردگی، پینے کے پانی کی عدم دستیابی، چوری کی وارداتوں میں اضافے پر سوسائٹی ممبران اور رہائشیوں کا مرکز سیکٹر جی 15 میں احتجاجی مظاہرہ ، مظاہرین نے نااہل انتظامیہ مستعفی ہونے کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین میں شامل راجہ خالق داد خان، چوہدری محمد شبیر ،گلزارار خان، پیرزادہ مسعود اکبر ، شبیر احمد ، نزاکت حسین، زمرد کیانی ، حیدر علی ، الیاس بھٹی ، احمد دین، اقبال خان نے کہا کہ سیکٹر جی 15 میں پانی نہ ہونے سے پورا علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے ، بار بار زبانی اور تحریری درخواستوںکے باوجود ابھی تک انتظامی کمیٹی کے عہدیدارن نے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کا ان کے پاس کوئی پلان ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سوسائٹی سیکریٹری انتظامی معاملات سے مکمل طو رپر نابلد اور غیر تجربہ کار ہے جس کے متکبرانہ رویئے اور سوسائٹی مفاد ات کے خلاف بیانات کی وجہ سے ممبران میں مایوسی اور بددلی پھیل رہی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر چیئرمین اور سیکریٹری سمیت دیگر عہدیدار مستعفی نہ ہوئے تو روزانہ مظاہرے کئے جائیں گے اور سوسائٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف عدالتوںمیں مقدمات درج کرکے ان سے ہرجانہ وصول کیا جائے گا۔

مظاہرین نے کہاکہ سوسائٹی سیکریٹری کی نااہلی اور کج فہمی اور کم علمی کا ثبوت اس سے زیادہ کیا ہو گیا کہ کسی سے بدفعلی کا کیس بھی نیب کو بھیجا جا رہا ہے تاکہ نیب اس کی انکوائری کرے۔ انہوںنے کہاکہ اگردو چار ماہ موجودہ انتظامیہ کمیٹی اسی طرح گل کھلاتی رہی تو کوئی بھی سوسائٹی کا رخ نہیں کرے گا اور پاکستان کی صف اول کی ہاوسنگ سوسائٹی ویران ہو جا ئے گی ۔

انہوں نے کہاکہ عہدوں کے شوق میں الیکشن میں حصہ لینے والے نے ووٹرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور دو ماہ کے اندر ہی اپنی ناہلی اور جہالت کا ثبوت دے کر سوسائٹی کا تمام معاملات ٹھپ کر دیئے ہیں جس سے نہ صرف پلاٹس کی لین دین رک گئی ہے بلکہ رہائشیوں کو پانی کی عدم دستیابی اور دیگر مسائل کی وجہ سے یہاں سکونت اختیار کرنی مشکل ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں