بھارت کے 127 دن کے کرفیو کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے بہادر کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہے، انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے شہریوں پر مظالم کا نوٹس لیں، آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بیان

پیر 9 دسمبر 2019 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارت کے 127 دن کے کرفیو کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے بہادر کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کے انسانی حقوق کو اپنے بوٹوں تلے روند رہی ہے، انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے شہریوں پر مظالم کا نوٹس لیں۔

مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے ایسا ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے جس کے ذریعے یک آواز ہو کر بھارت کو سیاسی اور سفارتی محاذوں پر پسپا کر دیا جائے، بھارت کا وزیراعظم خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا اب بھارت خود اپنے وعدوں سے مسلسل مکر رہا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ،کشمیریوں کا سیاسی اور معاشی استحصال ایسے جرائم ہیں جن پر عالمی برادری کو توجہ دے کر بھارت پر دباو بڑھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر رکھا ہے اور اس کی بنیاد انتہائی مضبوط و مستحکم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق مسئلہ کشمیر کا یک نکاتی نظریہ ہے جس کی تکمیل کے لئے عسکری،سیاسی اور سفارتی میدان میں کشمیری عوام کی جدوجہد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لئے پاکستان ہی واحد آپشن ہے کیونکہ انہوں نے اس منزل کو حاصل کرنے کے لئے ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جن کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا تحریک آزادی کشمیر کی بے مثال جدوجہد میں جن ماؤں نے اپنے بیٹے،جن بہنوں نے اپنے بھائی اور جن سہاگنوں نے اپنے سہاگ قربان کئے ہیں انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہوے ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تحریک آزادی کیلئے بہایا جانے والا مقدس لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیری بھارت سے آزادی ہر صورت لے کر رہیں گے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے انسانی حقوق کے عالمی۔اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 127 دن کے مسلسل کرفیو کو ختم کرانے اور بھارتی فوج انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں کر رہی ہے انہیں روکنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں