’’اشرف صحرائی جدوجہد کا ایک مجسمہ تھے‘‘، حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ

ہفتہ 4 مئی 2024 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے محمد اشرف صحرائی شہید کو شہادت کی تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری انہیں بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کا استعارہ سمجھتے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ہنماؤں نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ محمد اشرف صحرائی ایک عظیم آزادی پسند اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے زبردست حامی تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہید قائد اپنی قربانیوں کے باعث کشمیریوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اشرف صحرائی کی موت ایک حراستی قتل ہے کیونکہ انہیں شدید علالت کی حالت میں بغیر کسی علاج کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کو ان کی قیادت سے محروم کر رہا ہے۔

حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لیے وقف کر دی تھی اور اس عظیم مقصد کے لیے اپنی جان اور اپنے پیارے بیٹے جنید صحرائی سمیت سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم رہنما کو کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے پر برسوں جیلوں میں رکھا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لیکن وہ ثابت قدم رہے اور ظالم بھارت کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔

حریت رہنماؤں غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، ، سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب ،میر طاہر مسعود ،شمیم شال، الطاف حسین وانی، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، ایڈووکیٹ پرویز احمد، حسن بنا، راجہ خادم حسین حسین، محمد شفیع ڈار، شیخ محمد یعقوب، ثنااللہ ڈار، الطاف احمد بٹ، جاوید اقبال بٹ، داؤد یوسفزئی، چوہدری شاہین اقبال، شیخ عبدالمجید، گلشن احمد، منظور احمد ڈار، زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، عدیل مشتاق وانی، عبدالمجید لون، سید کفایت حسین رضوی، محمد سلطان بٹ، نثار مرزا، سید مشتاق، منظور احمد ڈار، نذیر احمد کرنائی، محمد اشرف ڈار، رئیس احمد میر اور دیگر نے شہید اشرف صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوںنے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو مار سکتا ہے لیکن ان کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتا۔انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں