ڈیموکریٹک سوسائٹیز میں مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات سے ہی ممکن ہوتا ہے،پروفیسرتقدیس گیلانی

ہفتہ 11 مئی 2024 15:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) آزادکشمیر کی وزیرسمال انڈسٹریز وٹریڈ اینڈ ٹریول پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک سوسائٹیز میں مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات سے ہی ممکن ہوتا ہے،حکومت کی طرف سے ایکشن کمیٹیوں کے نمائندگان سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں،احتجاج کرنے والے بھی ہمارے اپنے لوگ ہیں کوئی دشمن نہیں، آزادکشمیر کے اندر اسطرح کی انتہاپسندی کا رحجان اورپرتشدد واقعات افسوسناک ہیں،تمام معاملات کو بیٹھ کر حقیقت پسندانہ طرز عمل اپناتے ہوئے حل کرنا چاہئے،سرکاری املاک کسی حکومت یا ایک فرد کی نہیں ہم سب کی مشترکہ پراپرٹی ہیں،انکو نقصان پہنچانا ذمہ دار شہریوں کا طرز عمل نہیں، ایکشن کمیٹیوں کے نمائندگان سے اپیل ہے کہ وہ اس بات کا دھیان رکھیں کہ دشمن بھی ہماری ریاست کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہے اور ہندوستان کا میڈیا ہمارے اندرونی معاملات کو پروپیگنڈے کے طور پر غلط رنگ دے کر دنیا کو دیکھا رہا ہے،اس لیے مناسب ہے کہ تمام معاملات مل بیٹھ کر خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے جدہ سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے ایکشن کمیٹیوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ یہ ریاست ہم سب کی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی زمہ داری ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا واضح موقف ہے کہ اپنی ریاست کی عوام کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیںگے، گزشتہ روز وزرا حکومت کی پریس کانفرنس میں بھی اسی بات کا اعادہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام سے درخواست ہے کہ آئیں اپنے مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں، اپنا موقف حکومت کے سامنے رکھیں اور حکومت کا موقف بھی سنجیدگی سے سنیں،کوئی بھی حکومت اپنے عوام پر طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتی لیکن سرکاری املاک کی حفاظت اور امن وامان کا قیام بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت تمام معاملات کو حل کرنے کے لیے نیک نیتی سے کوشاں ہے اور کسی قسم کے بنیادی حقوق کی پامالی نہیں ہونے دی جائیگی، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں امن وامان بحال رکھیں اور اپنی ریاستی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

انہوں نے کہاکہ کچھ شر پسند عناصر کا مقصد ریاست میں افراتفری پھیلانا ہے،مسائل حل جلاؤ گھیراؤ میں نہیں بلکہ بات چیت سے ہے،احتجاجی مظاہرین بھی ہم میں سے ہی ہیں اور ہمارے اپنے لوگ ہیں،حکومت کے لیے عوام سب سے اہم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر ایک پرامن خطہ ہے اور پورے ملک میں ہمیشہ اسکی مثالیں دی جاتی رہی ہیں،ہماری تاریخ میں اسطرح کے واقعات کبھی ہیں ہوئے،عوام سے اپیل ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں،سب سمجھدار لوگ مل کر اس مسئلہ کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، دنیا کا کوئی مسئلہ ایسا نہیں جس کا حل موجود نہ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں