مہنگائی کے اضافے کے حوالے سے سٹیٹ بنک کی تازہ رپورٹ تشویشناک ہے،ایم ساجد عباسی

قوم کو2018ء کے انتخابات میں گمراہ کیاگیا،آج بدقسمتی سے ایسے حکمران مسلط ہوگئے ہیں جن کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں،جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) اسلام آباد

جمعرات 25 اپریل 2019 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجدعباسی نے کہاہے کہ مہنگائی ،بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی مشکل ترین بنادی ہے،ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے شدیدمایوس ہوچکاہے،موجودہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میںبُری طرح ناکام ہوچکی ہے،یوں محسوس ہوتاہے کہ حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کے حوالے سے زبانی کلامی اورکھوکھلے دعوئوں کے سوا کوئی مثبت اور ٹھوس حکمت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیرخزانہ اسدعمر بجلی، گیس کے نرخوں میں اضافے ،آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کی خبریں اور مالیاتی خسارے پر قابونہ پانے کے اعلانات کرکے عوام کوتشویش میں مبتلاکررہے ہیں تو دوسری طرف سٹیٹ بنک موجودہ معاشی صورتحال کوغیر تسلی بخش قراردے کر عوام کومہنگائی میں مزید اضافے کی اعلانات دے رہاہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ایم ساجد عباسی نے کہاکہ صرف سات ماہ میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے 3ہزارارب روپے کاقرضہ حاصل کیاہے،روپیہ مسلسل اپنی قدرکھو رہاہے اور یہ سستا ہونے سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی،افراطِ زر کے دبائو میں خوفناک اضافہ اور برآمدات کا ہدف حاصل کرناممکن دکھائی نہیں دیتا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجدعباسی نے کہاکہ انتخابات سے قبل عمران خان قوم کو خودانحصاری اور خودمختاری کی مثالیں دیاکرتے تھے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کو خودکشی کے مترادف قرار دیتے تھے،آج وہی حکمران نہ صرف دنیا کے سامنے کشکول تھام کر بھیک مانگ رہے ہیں بلکہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر من و عن عملدرآمد کرتے نظر آتے ہیں،قوم کو2018ء کے انتخابات میں گمراہ کیاگیا،آج بدقسمتی سے ایسے حکمران مسلط ہوگئے ہیں جن کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں