پاکستان کی توانائی کی صنعت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، چیئر مین اوگرا

پاکستان کی بندرگاہ پر سالانہ تقریباً 35 بلین امریکی ڈالرز کا تیل کا کاروبار ہو رہا ہے، مسرور خان کی گفتگو

بدھ 18 مئی 2022 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی توانائی کی صنعت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔پاکستان انرجی ریفارم سمٹ 2022 کے دوسرے دن حکومت پاکستان اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کی نوٹ خطاب کیا جس میں انڈسٹری کے دیگر نامور مقررین کے بھی موجود تھے۔

چیئرمین اوگرا کے مطابق ایل این جی سمیت تیل اور گیس پاکستان کی توانائی کے اہم اجزاء ہیں جو کہ توانائی کی سپلائی کا 75 فیصد حصہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی بندرگاہ پر سالانہ تقریباً 35 بلین امریکی ڈالرز کا تیل کا کاروبار ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے دیگر اور راستے بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

مسرور خان نے وضاحت کی کہ پاکستان میں بدقسمتی سے گیس کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں لیکن حکومت نئے وسائل تلاش کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور چار ورچوئل ایل این جی لائسنس جاری کر کے ایل این جی کی درآمد پر زور دیا جا رہا ہے اور مزید چار سے پانچ درخواستیں ایل این جی کی رسد اور طلب کو پورا کرنے کیلئے پائپ لائن میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایل این جی منصوبوں کی ترقی کے ساتھ خاص طور پر ٹرمینلز اور ورچوئل ایل این جی اسٹوریج اور گیس پائپ لائن کی تعمیر کے ساتھ ساتھ بجلی کی پیداوار اور ایل پی جی کے فروغ کے لیے سرحد پار گیس پائپ لائن پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ گیس کی قلت کو کم کیا جا سکے۔چیئر مین اوگرا نے اس بات پر زور دیا کہ اوگرا ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اور تیل و گیس کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی ایکسس رولز، نیٹ ورک کوڈز اور نئے وائیٹ آئل پائپ لائن لائسنس جاری کیے ہیں۔

مسرور خان نے نجی سرمایہ کاری کو پاکستان میں فروغ دینے کیلئے مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے اوگرا آرڈیننس کو حقیقی معنوں میں لاگو کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ پاکستان کی اربوں ڈالر کی توانائی کی صنعت میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں اور انہوں نے "پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی" کو بہتر بنانے کے لیے اپنا عزم ظاہر کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں