کشمیری رہنماءمحمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کا معاملہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی پریس بریفنگ

جمعہ 27 مئی 2022 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) پاکستان نے غیر قانونی طور پر نظربند سرکردہ کشمیری رہنماءمحمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے یہ معاملہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا جائے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں کہا کہ حکومت پاکستان نے محمد یاسین ملک کو ایک متنازعہ اور یک طرفہ کیس میں عمر قید کی سزا کے بھارتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

25 مئی کو اسلام آباد میں بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی عدالت کی طرف سے ایک انتہائی مشکوک اور من گھڑت مقدمے میں یاسین ملک کو سزا سنائے کے فیصلے پر پاکستان کا سخت احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے اس کی شدید مذمت اور فیصلے کو مسترد کرنے سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے محمد یاسین ملک کو ایک من گھڑت مقدمے میں پھنسانے اور ایک جعلی اور یک طرفہ ٹرائل کرکے کشمیری قیادت کے خلاف سیاسی انتقام کی اشتعال انگیز کارروائی میں ایک بار پھر عدلیہ کا غلط استعمال کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی عدالت کی جانب سے ایک من گھڑت کیس میں محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کو خط لکھا ہے جس میں انہیں محمد یاسین ملک کی سزا اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے حریت رہنما کیخلاف جھوٹے اور سیاسی مقاصد کیلئے قائم مقدمے میں سزا پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط ارسال کیا ہے جس کا مقصد بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی جموں و کشمیر میں خطرناک صورتحال سے متعلق عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کو یہ خط بالخصوص اس تناظر میں لکھا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں اور ان کے قائدین کو دبانے کیلئے جھوٹے مقدمات میں سزا دلانے کی کوشش کررہی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے۔ بھارت کی جانب سے کشمیری رہنماءمحمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو کئی سالوں سے موجود ہے، یاسین ملک کے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی جوناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے متعدد مواقع پر اس مسئلہ کو انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سمیت مختلف فورمز پر اٹھایا گیا ہے، ہم اس معاملہ کو اٹھاتے رہیں گے اور ہم ہر ممکن تعاون اور تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے آج( جمعہ) کو سری نگر اور پلوامہ میں 4 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سے قبل بارہمولہ اور کپواڑہ میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں 4 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہید عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کیا جو بالترتیب 21 مئی 1990 اور 21 مئی 2002 کو بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں شہید ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں اور ان کی قیادت کو جبراور طاقت کے بے دریغ استعمال کے ذریعے خاموش کرنے کے بھارت کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، محمد یاسین ملک کی سزا پر مقبوضہ کشمیر میں جو عوامی ردعمل آیا ہے اس سے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی۔ پاکستان نے ایک بار پھر بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی کو روکے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے، من گھڑت الزامات کے تحت زیر حراست تمام کشمیری رہنمائوں کو رہا کرے، اور مقبوضہ علاقہ کا غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں خاص طور پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی صورت حال کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیرکے منصفانہ حل کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے21 مئی سے چین کا پہلا دو روزہ سرکاری دورہ کیا، وزیر خارجہ کو اس خصوصی دورے کی دعوت چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے دی تھی۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پرخصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر تیز رفتار پیش رفت، صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ پراجیکٹ بھی بات چیت کا محور رہا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔ دورے کے اختتام پر مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ وانگ یی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 23 سے 26 مئی تک ڈیووس میں فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے عالمی اقتصادی فورم میں خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ، ہالینڈ کی ملکہ میکسیما، فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا اولاوا ہاویستو ، آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر شلن برگ اور ایران کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں