چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پن بجلی منصوبے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا کمرشل آپریشن شروع ہو گیا

جمعرات 30 جون 2022 23:40

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پن بجلی منصوبے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا کمرشل آپریشن شروع ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پہلے پن بجلی منصوبے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا کمرشل آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ سی پیک اعلامیہ کے مطابق کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دریائے جہلم پر واقع ہے، چین،پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پن بجلی کی سرمایہ کاری کا یہ پہلا منصوبہ ہے جس میں چائنہ تھری گارجز کارپوریشن نے سرمایہ کاری کی اور اسے مکمل کیا۔

اس منصوبہ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 720 میگاواٹ ہے۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اپنے مکمل آپریشن کے بعد سالانہ اوسطاً تین ارب 20 کروڑ یونٹ صاف شفاف بجلی پیدا کرے گا جس سے 50 لاکھ مقامی آبادی کی توانائی کی ضرورت پوری ہو سکے گی اور ملک میں توانائی کے مسئلہ کے حل میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نتیجہ میں 14 لاکھ ٹن کوئلہ کی کھپت کی بچت ہو گی اور تقریباً 35 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج کو کم کیا جا سکے گا۔

2015ء میں چین کے صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ میں پانی کے استعمال کے چارجز کی مد میں پاکستان اور آزاد کشمیر کو سالانہ ایک ارب 20 کروڑ روپے کی آمدن ہو گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 25 مئی کو کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے منصوبے پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کمرشل آپریشن کے آغاز سے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پن بجلی کا یہ پہلا منصوبہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں