کاشف چوہدری کا سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم

سعودی سرمایہ کاری، پاکستان میں روزگار کے مواقع اور قومی آمدن میں اضافے کا ذریعہ ثابت ہو گی سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی ، کاشف چوہدری ، صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان

منگل 16 اپریل 2024 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پہلا پیکیج جلد مکمل کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری دوستی اور بھائی چارے کا عملی اظہار ہے،مشکل وقت میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور درپیش معاشی مسائل کے خاتمے میں مدد ملے گی ،گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے چاہئے کوئی سانحہ ہو یا قدرتی آفت یا پھر کوئی مسئلہ سعودی عرب نے بڑے بھائی کے طور پر پاکستان اور پاکستانی عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کے پاکستان پہنچنے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری پاکستان میں روزگار کے مواقع اور قومی آمدن میں اضافے کا ذریعہ ثابت ہو گی اورسعودی سرمایہ کاری سے دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے ،محمد کاشف چوہدری نے ملک بھر کے تاجروں کی طرف سے سعودی حکومت اور سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سعودی سرمایہ کاروں کے لیے نفع بخش و محفوظ ثابت ہو گی جس سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہو گی بلکہ یہ سرمایہ کاری امت مسلمہ کیلئے خیر سگالی کا جذبہ بھی پیدا کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں