پاکستان میں حج آپریشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان

حج فلائیٹ آپریشن 9 مئی سے ملک بھر میں شروع ہو کر 9 جون تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2024 21:02

پاکستان میں حج آپریشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان میں حج آپریشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر گزر جانے کے بعد پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک میں حج بیت اللہ کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں وزارت برائے مذہبی امور نے حج آپریشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ وزارت کے اعلامیہ کے مطابق حج فلائیٹ آپریشن 9 مئی سے ملک بھر میں شروع ہوگا اور 9 جون تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن ملک بھر کے 8 ائیرپورٹس پر ہوگا، جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان، کوئٹہ، سکھر، سیالکوٹ اور رحیم یار خان کے ائیر پورٹس شامل ہیں۔ پشاور کے عازمین اسلام آباد ائیرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے، جبکہ فیصل آباد کے عازمین لاہور ائیرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ سروس شروع ہوگی۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت جانے والے عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔ 4ائیرلائنز اس حج فلائیٹ آپریشن میں حصہ لیں گی۔ عازمین حج کی ویکسینشن کا عمل 30 اپریل سے 10 حاجی کیمپس پرشروع ہوگی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 69 ہزار 5 سو عازمین حج حجاز مقدس جائیں گے۔ واضح رہے کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہونے کا امکان ہے۔ مصر میں وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے قومی ادارہ برائے فلکیاتی اور جیو فزیکل ریسرچ نے فلکیاتی حسابات سے بتایا کہ دنیا کے بیشتر حصوں میں عیدالاضحیٰ 16 جون 2024 کو منائے جانے کا امکان ہے جب کہ وقوف عرفہ 15 جون کو ہوگا۔

انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ذی الحج کے مہینے کا آغاز جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا۔ تاہم ہر ملک میں عید الاضحٰی کی حتمی تاریخ کا اعلان وہاں کی حکومتوں کے متعلقہ ادارے کریں گے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں