فضائی مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور تارکین وطن کے ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں سے متعلق مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی

جمعرات 18 اپریل 2024 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ہوابازی کی ہدایت پر ای کچہری کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ملکی اور غیر ملکی فضائی مسافروں کی ہوائی اڈوں اور ایئر لائنز کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کرنا ہے، فضائی مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور تارکین وطن کے ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں سے متعلق مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 44 ویں ای کچہری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے ای کچہری کے دوران اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ عمارت انفراسٹرکچر توسیع کا کام جلد دوبارہ شروع ہوجائے گا، لاہور ایئرپورٹ پر تسلی بخش کارگردگی نہ ہونے پر ہائوس کیپنگ کمپنی کو بدل دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کراچی ائرپورٹ پر بچی سے ہاتھا پائی کرنے والے اہلکار کو چارج شیٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے حوالے سے اے ایس ایف سے رابط میں ہیں، ایئرپورٹس پر غیر ضروری رش کی ثقافتی/کلچرل وجوہات بھی ہیں۔ انہوں نے ایئر پورٹ منیجرز کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹس پر غیر ضروری رش کم کرنے کے لئے سفارشات تیار کریں، ماضی میں مسافر کے ساتھ ایک مہمان پالیسی کو کامیابی سے لاگو کیا گیا ہے۔

ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ مشرق وسطی میں غیر معمولی موسم کے باعث فلائیٹس تاخیر کا شکار ہوئیں، ایئر پورٹ مینجرکو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں پولیس وار ڈنز کی طرف سے مبینہ طور پر پیسے بٹورنے کے واقعہ کی تفتیش کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں ایئرپورٹ خروج کے قریب سے ایسے عناصر کو ہٹوادیا گیا ہے اور پارکنگ سے بھکاریوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ مینجر اسلام آباد ایئرپورٹ کو ایئرپورٹ میں اشیا خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے باعث وہاں طویل مدتی کمرشل کنسیشنز معاہدے نہیں ہوسکتے، آئوٹ سورسنگ کے بعد ایئرپورٹ پر سروس ڈیلیوری کی روح سے واضح مثبت تبدیلیاں دیکھی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایئرلائینز صرف منافع بخش روٹس کا ہی انتخاب کرتی ہیں، ایئرسیال اور ایئربلیو کے کوئٹہ نہ جانے کی وجہ ناکافی پسینجر لوڈ ہے، البتہ پی آئی اے، سیرین اور فلائی جناح کوئٹہ آپریٹ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کائونٹرز کا مسئلہ وزیراعظم کو بریفنگ میں بھی اٹھایا ہے، اگر ایف آئی اے اپنے افرادی قوت کے مسائل پر قابو پالے تو لمبی امیگریشن قطاروں کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کو 20 سے زائد کائونٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ اماراتی حکام سے اجازت/ڈیزیگنیشن کے بعد ہی ایئرسیال امارات جا سکے گی۔

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ 'ائیر وز' نامی ایئرلائین کا فی الحال پاکستان آنے کا امکان نہیں، ہمارا خطہ منشیات سمگلنگ کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہر روز کسی نہ کسی ایئرپورٹ پر منشیات پکڑی جاتی ہے، مشرق وسطی میں سزا پانے والوں میں اکثر کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے جو بدنامی کا باعث ہے۔ ملکی وقار کی خاطر ائرپورٹس پر سامان کی سخت اسکریننگ/چیکنگ مجبوری ہے ایئرپورٹس کو وافر مقدار میں نئی بیگیج ٹرالیاں فراہم کردی گئیں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں