رانا مشہود احمد خان کی سٹیٹ بینک اور پارٹنر بینکوں سے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم اور ای روزگار سنٹرز انیشیٹو پر اجلاس

منگل 7 مئی 2024 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون کے حوالے سے پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں،ای روزگار سکیم اور پورے پاکستان میں ای روزگار مراکز کا قیام پر تبادلہ خیال کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پارٹنر بینکوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں قرضہ سکیم کی کامیابیوں کا جائزہ لینے اور ملک میں نوجوانوں کو مزید با اختیار بنانے کی کاروباری صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے کے لئے باہمی تعاون کی حکمت عملیوں کا جائزہ لینے کا ایک موقع فراہم کیا۔پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا ایک فلیگ شپ اقدام، پاکستان بھر کے نوجوانوں کو کامیابی سے 84.6 بلین روپے تقسیم کر چکا ہے جس سے نوجوانوں کو ایک سال میں اپنے کاروباری منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے اہم مالی مدد فراہم کی گئی ہے خاص طور پر مستفید ہونے والوں میں 16,000 خواتین ہیں جو صنفی شمولیت اور بااختیار بنانے کے لئے پروگرام کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شرکاء نے قرضہ سکیم کے حوالے سے تعمیری بات چیت کی اور اس کی رسائی اور اثر کو بڑھانے کے طریقے تلاش کئے جس میں قرضہ کے حصول کے عمل کو ہموار کرنے، رسائی کو بہتر بنانے اور کاروباری نوجوانوں کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے پر زور دیا گیا۔مزید برآں اجلاس میں پاکستان بھر میں ای-روزگار سینٹرز کے قیام پر غور کیا جن کا تصور ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے فعال متحرک کےطور پر کام کرنا ہے۔

یہ مراکز نوجوان افراد کو آن لائن مارکیٹ میں ترقی کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے تربیت اور وسائل فراہم کریں گے، اس طرح ان کی ملازمت اور کاروباری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صنعت کاری اور اختراعات کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ ہماری شراکت داری اس وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ہم مل کر پاکستان کے نوجوانوں کو ان کی مکمل صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لئے بااختیار بناتے رہیں گے۔ اجلاس میں پاکستان میں نوجوانوں کی انٹرپرینیورشپ اور روزگار کے مواقع کو آگے بڑھانے میں تعاون اور جدت کے نئے عزم کا اظہار کیا گیا ۔شرکاء نے وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے اقدامات کے تبدیلی کے اثرات کے بارے میں امیدکا اظہار کیا اور ان کی مسلسل کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں