سیلاب متاثرین کی منتقلی کے دوران کشتی دریائے سندھ میں ڈوب گئی

کشتی میں 15 سے زائد افراد سوار تھے، 7کو بچا لیا گیا، دیگر کی تلاش جاری ، ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 3 ستمبر 2022 16:17

سیلاب متاثرین کی منتقلی کے دوران کشتی دریائے سندھ میں ڈوب گئی
جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2022ء) جامشورو کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے،سیلاب متاثرین کی منتقلی کے دوران کشتی دریائے سندھ میں ڈوب گئی۔کشتی میں 15 سے زائد افراد سوار تھے، 7کو بچا لیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ایک خاتون کی لاش بھی دریا سے نکال لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تاحال ریسکیو کا عملہ نہیں پہنچا، گاؤں کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

جن افراد کو زندہ بچایا گیا ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلاب گزرا اور منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے سندھ کے ضلع دادو کو بڑے پیمانے پر تباہی کے خطرے کا سامنا ہے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سکھر بیراج سے 5 لاکھ 59 ہزار 988 کیوسک کا اونچے درجے کا سیلاب گزرا ہے. سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 57 افراد جاں بحق، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 265 ہوگئی ہے ‘سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے‘منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی پنجاب، خیبرپختونخوا میں مزید بارش کی پیش گوئی کردی ہے دادو ضلع سیلاب کا نیا مرکز بن گیا ہے کیوں کہ ملک کے شمالی علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد پانی ملک کے جنوب کی طرف بہہ کر آرہا ہے. نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق مون سون کی ریکارڈ بارشوں اور شمال کے پہاڑوں میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب آیا جس سے 14 جون سے اب تک کم از کم ایک ہزار 265 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ان میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ اب تک زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 577 ہے.

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں