پاکستان میں آبی وسائل کے فروغ کے لیے امریکی عوام کی جانب سے مسلسل تعاون جاری

جمعرات 6 ستمبر 2018 18:44

جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2018ء) امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی امداد(USAID) کے صوبائی ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان جون اسمتھ سرین اور ڈپٹی ڈائریکٹر برائے سندھ مائیکل رائیشکیشن نے مہران یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (MUET) کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں آبی وسائل کے تحفظ و فروغ اور تعلیم و تحقیق کے شعبے میں امریکی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مہران یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی گفتگو میں حصہ لیا اور پاک امریکا اشتراک عمل کو سراہا۔امریکی حکومت نے مہران یونیورسٹی اور امریکا کی یونیورسٹی آف یوٹا میں سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر(CAS-W) پروجیکٹ کے لیے 2 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سینٹر کا مقصد آبی وسائل کے شعبے میں اعلی تعلیم اور اطلاقی تحقیق کے ذریعے ماہرین کی ایسی کھیپ تیار کرنا ہے جو پاکستان کو درپیش آبی مسائل کے حل میں مدد دے سکیں۔

اس پروگرام کے تحت زراعت، آبی وسائل کی تنظیم، ماحولیاتی انجینیئرنگ اور نکاسی آب کے شعبوں میں گریجویشن کی تعلیم دی جائے گی۔ دونوں یونیورسٹیاں پاکستان کو درپیش آبی بحران کے سلسلے میں آگاہی کے لیے سیمینار اور ورکشاپ کے سلسلے کا بھی انعقاد کررہی ہیں۔ مہران یونیورسٹی میں سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز کی تعلیمی، لیبارٹری اور ریسرچ کمپلیکس کی عمارت کی تعمیر بھی یوایس ایڈ کی مالی معاونت سے کی گئی ہے۔

سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر پروجیکٹ میں ایکسچینج پروگرام کے تحت طلبہ کو یونیورسٹی آف یوٹا میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔ کمیپس کے دورے کے موقع پر یو ایس ایڈ کے عہدے داروں نے ایکسچینج پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے امریکا میں تعلیمی تجربے اور امریکا میں زندگی کے متعلق تاثرات جانے۔سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز ان واٹر میں اب تک تقریبا 250 طلبہ داخلہ لے چکے ہیں (جن میں 33 فیصد خواتین ہیں)۔

ان میں سے 33 طلبہ گریجویشن کرچکے ہیں جبکہ 100 سے زائد طلبہ ایکسچینج پروگرام مکمل کرچکے ہیں۔جون اسمتھ سرین کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کو اس اہم شعبے میں مہران یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف یوٹا کے ساتھ اشتراک عمل پر فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ آبی وسائل معیشت کو رواں رکھتے ہیں، شہریوں کی اچھی صحت اور پاکستان کی ترقی کے لیے آبی وسائل کا تحفظ ضروری ہے۔ امریکا سندھ اور بلوچستان میں آبی وسائل کے فروغ کے لیے مختلف سرگرمیوں میں مدد فراہم کررہا ہے۔ مہران اور یوٹا یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری پاکستان کے آبی شعبے میں امریکی تعاون کا اہم جزو ہے۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں