مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے ،(آج)کراچی میں طوفان اقصی کانفرنس سے خطاب کریں گے

�ٓج)کا جلسہ سندھ کے سیاسی منظر نامے کو بدل دے گا ،عوامی سمندر سے نئی سیاسی لہر پیدا ہوگی،امن مارچ عوام دشمن قوتوں کیلئے موت کا پیغام ہے،راشد محمود سومرو

بدھ 1 نومبر 2023 21:20

جامشورو/ٹھٹھہ /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2023ء) جمعیت علما اسلام سندھ کی جانب سے جاری 12 روزہ سندھ امن مارچ کا قافلہ گیارہویں روز حیدرآباد سے ضلع جامشورو سے گزرتا ہوا ٹھٹہ پہنچ گیا، قافلہ (آج)جمعرات کی شام کراچی پہنچ کر بڑے طوفان اقصی کانفرنس میں اختتام پذیر ہوجائے گا،جہاں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن ، غزہ کے نمائندہ ڈاکٹر ناجی ظہیر الشیری سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے ، سندھ امن مارچ قافلہ کا جامشور، سندھ یونیورسٹی ، کوٹڑی ،سجاول ، میرپور بٹھورو اور ٹھٹہ سمیت مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے استقبال ، پھول نچھاور کئے ، اجرکیں پہنائیں، اور مولانا راشد محمود سومرو ودیگر نے خطاب کیا ، قافلے کی قیادت جے یو آئی سندھ کے قائم مقام امیر شیخ الحدیث مولانا صالح الحداد ، سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو ، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، مرکزی ترجمان اسلم غوری،انصارلاسلام کے سربراہ عبدالرزاق عابد لاکھو ، مولانا عبداللہ سومرانی ، مولانا سعودافضل ہالیجوی ، حاجی عبدالمالک ٹالپر ، مولانا تاج محمد ناہیوں ، مولانا سمیع الحق سواتی، مولانا صالح اندھڑ ، آغا ایوب شاہ ، مولانا امین اللہ ، حافظ فضل اللہ فیاض ، ودیگر ضلعی ذمہ داران شریک تھے۔

(جاری ہے)

مختلف جگہوں پر عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد سومرو نے کہا2نومبر کو کراچی جلسہ غزہ اور سندھ میں ہونے والے مظالم کے خلاف توانا آواز ہے، غزہ میں اسرائیل نے مظلوموں کا خون بہایا ہے اور سندھ میں حکمرانوں نے عوام کو سہولیات سے محروم رکھ کر مظالم ڈھائے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ سندھ کو مفاد پرستوں سے نجات دلائی جائے ، سندھ امن مارچ میں عوامی ریفرنڈم نے فیصلہ کردیا ہے کہ پندرہ سالوں سے اقتدار میں رہنے والے عوام کے نمائندے نہ تھے بلکہ وہ ہمیشہ چور دروازے سے اقتدار پر مسلط ہوئے ، اب چور دروازوں پر عوام کھڑی ہوگی ، سندھ کینوجوان اب اپنے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے میدان میں آچکے ہیں ، سندھ امن مارچ کے دو رس نتائج نکلیں گے ، اب سندھ کا سیاسی منظر بدل رہا ہے ، وڈیروں ، جاگیرداروں کے ہوش ٹھکانے آچکے ہیں، جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے جامشورو میں سندھ یونیورسٹی کے باہر شاگردوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن اور بااثر لوگوں کی ملی بھگت نے سندھ کے طلبا و طالبات کے مستقبل کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، پیرا میڈیکل ٹیسٹ نے کئی راز افشاں کردئے ہیں ، سندھ میں نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کئے جائیں ، آنے والے وقت میں سندھ کا نوجوان جاگیرداروں کا مقابلہ کرے گا ، انہوں اپنے خطاب میں کہا کہ (آج)2نومبر کو کراچی میں شاہراہ قائدین پر تاریخی جلسہ عام ہوگا جو اسرائیلی مظالم کیخلاف توانا آواز ثابت ہوگا اور سندھ کے سیاسی منظر نامے کو بھی بدل کر رکھ دے گا ، لاڑکانہ میں 30 نومبر کو عوامی جسلہ عام ہوگا جہاں بڑی بڑی شخصیات جے یو آئی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

دریں اثنا جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے جے یوآئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان بدھ کی رات کراچی پہنچ گئے ، کراچی ائیر پورٹ پر مولانا عبدالکریم عابد، انجینئر ضیا الرحمن ، مولانا ناصر محمود سومرو ،قاری محمد عثمان مولانا محمد غیاث ، شرف الدین اندھڑ ، اکبر شاہ ہاشمی ودیگر نے ان کا استقبال کیا، مولانا فضل الرحمان جمعرات کو کراچی میں طوفان اقصی کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے ۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں