جھنگ میں انتظامی افسران کا پولنگ سٹیشنوں کا دورہ

بدھ 25 جولائی 2018 20:56

جھنگ۔25جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جھنگ محمد اعظم سرویا نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے مختلف پولنگ اسٹیشنزکا معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر محمد اعظم سرویا نے کہا کہ انتظامیہ ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کا پرامن ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے قابل اطمینان انتظامات کئے گئے ۔

انہوںنے کہا کہ ضلع بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک پولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے اس موقع پر بتایاکہ ضلع بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عمل سے متعلق تمام تر انتظامات تسلی بخش تھے اور پولنگ اسٹیشنز کنٹرول روم سے منسلک رہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ کنٹرول روم میں تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی مرحلہ وار ڈیوٹیاں لگا ئی گئی تھیں جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی پیشگی انتظامات مکمل تھے۔

انہوںنے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں ووٹرزکو موبائل فون لے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی گئی۔سیاسی امیدواران کی طرف سے پولنگ اسٹیشنزسے شہری آبادیوں میں سو میٹر اور دیہی علاقوں میں چار سو میٹر کے فاصلے پر کیمپ لگائے گئے ۔انہوںنے مزید کہا کہ سیاسی امید وار انتخابی نتائج کے بعد امن کا مظاہرہ کریں جبکہ حکومت کی جانب ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش اور آتش بازی پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑنے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کئے گئے تھے اورضلع بھر میں امن و امان کی مثالی فضاکو برقرار رکھا گیا۔انہوںنے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری تھی اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور پاک فوج کے جوان خدمات سرانجام دیتے رہے جس کے باعث کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں