جے یوآئی کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی ریلی ومظاہرہ

جمعہ 24 نومبر 2023 21:32

سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2023ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی کال پر سوراب میں بھی جے یوآئی کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینیوں مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا ، ریلی جمعیت علماء اسلام سوراب کے ضلعی نائب امیر مولانا محمد ہاشم کی سربراہی میں مرکزی جامع مسجد سوراب سے برآمد ہوکر مین چوک پر جلسہ عام کی شکل اختیار کرلی ، ریلی کی قیادت مولانا محمد ہاشم چیئرمین میونسپل کمیٹی سوراب سردار زادہ میرمجیب الرحمن رودینی شیخ الحدیث مولانا محمد طیب مولانا غلام رسول مولانا منیر احمد زہری میر علی اکبر گرگناڑی میر عبدالقدوس رودینی حافظ نذیر احمد لانگو اور دیگر رہنما کررہے تھے، ریلی میں جے یوآئی کے کارکنان سمیت تاجران ، مختلف طبقات فکر کے نمائندوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، ریلی کے شرکا ہاتھوں میں پینا فلیکس اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر صہیونی مظالم کی مذمّت اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے مقررین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج غزہ ایک انسانی المیہ بن چکا ہے ، ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی معصوم بچے خواتین اور عام شہری شہید جبکہ دگنی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں ، آبادیوں کو مسمار حتیٰ کہ اسکول اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بناکر فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کی جاری ہے لیکن اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے نام نہاد دعویدار ممالک اور ادارے مجرمانہ چشم پوشی کا مظاہرہ کررہے ہیں، موجودہ صورتحال میں اسلامی ممالک کی بزدلانہ مصلحت بھی قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کا درد اور دکھ محسوس کرتے ہوئے ہر موقع پر امت مسلمہ کی ترجمانی کی ہے آج قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے حکم پر ملک بھر میں پاکستان کے مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف ایک بار پھر سرآپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر تنظیمیں مجرمانہ خاموشی ختم کرکے اسرائیل کی بربریت کے خلاف عملی کردار ادا کریں وگرنہ مظلوم فلسطینیوں کا خون انہیں کسی صورت معاف نہیں کرے گا۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں