مستحکم معاشرے کیلئے نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں،ایس ایم منیر

ملائشین وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کا سبب ہوگا،افتخار علی ملک آبادکے سابق چیئرمین عارف یوسف جیواکے عشائیہ میں زبیرایف طفیل،حاجی عرفان یوسف،سہیل الطاف کی شرکت

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:41

مستحکم معاشرے کیلئے نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں،ایس ایم منیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، یہ حقیقت ہے کہ ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی جبکہ ایک مستحکم معاشرے کا قیام بھی ضروری ہے جہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ،وزیراعظم عمران خان کی کامیابی سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور وہ اس سلسلے میں انتھک جدوجہد کررہے ہیں،پاکستان کی بزنس کمیونٹی بھی یونائٹیڈ بزنس کمیونٹی کے بینرتلے ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولیپرز(آباد)کے سابق چیئرمین عارف یوسف جیوا کی جانب سے اپنے اور چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک کے اعزازمیں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پریو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیرایف طفیل،حاجی عرفان یوسف،خورشید برلاس،جاوید اقبال،ملک سہیل حسین،عائشہ بیلہ،سہیل الطاف،شیخ ریاض الدین سمیت دیگر تاجررہنما بھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے 23مارچ کے حوالے سے کہا کہ یومِ پاکستان تجدید عہد اور وفا کا دن ہے اورہم سب کو اجتماعی طور پر اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئیکار لاتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور جمہوری ملک بنانے کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد کا دورہ پاکستان بے حدکامیاب رہا ہے اور ان کے اس دورے سے پاکستان اورملائشیا کے مابین دوطرفہ تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کا موقع ملے گا۔

چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں نوجوانوں بزنس مینوں کو مختلف کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داریاں دی جارہی ہیں ،نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے بزنس کمیونٹی کے اس نمائندہ ادارے میں اہم ترین ذمہ داریاں نبھانے کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں،یو بی جی نواجوان تاجروں کیلئے ایک انسٹی ٹیوٹ ہے جہاں سے تربیت حاصل کرکے فیڈریشن چیمبر آف کامرس میں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والا ہرعہدیدار اس ادارے کی تعمیروترقی اورملکی معاشی استحکام کیلئے اپنی صلاحیتیوں کا استعمال کرسکتاہے ۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد کا دورہ پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کا ضامن ثابت ہوگا،پاکستان اورت ملائشیا کے مابین تعلقات کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔انہوں نے بزنس مین گروپ کی تمام کورکمیٹیوں کے اراکین کو انکی بہترین کارکردگی پرمبارکبادپیش کی اور کہا کہ ہمارے گروپ کی کامیابیوں کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے کوئی بھی فیصلے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں کئے بلکہ اجتماعی فیصلوں کو ترجیح دی اور ہم نے تمام تر الیکشن انتخابات میں ووٹوں کے ذریعہ جیتے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں