وزیراعظم عمران خان کے حلف اُٹھاتے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 11:35

وزیراعظم عمران خان کے حلف اُٹھاتے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کے حلف اُٹھاتے ہی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپن بنک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر 124 روپے اور 4 پیسے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 122.60روپےرہی۔ دوسری جانب ہفتے کے دوران ایک ہزار ایک سو پندرہ پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا۔

ہفتے کے دوران 64 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔ ہفتے کےدوران 31 ارب 84 کروڑ روپے مالیت کا کاروبار ہوا۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن61 ارب کم ہوکر8703 ارب روپے ہو گئی۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف تو اُٹھا لیا ہے لیکن عمران خان کے لیے اصل چیلنج اب شروع ہو اہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کو پہلے دن سے ہی عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور نئی کابینہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ملکی معیشت میں بہتری لانا ہو گا۔

اس حوالے سے عمران خان نے پہلے ہی نامزد وزیرخزانہ اسد عمر کو ٹاسک دے رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسد عمر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی نمایاں کامیابی کے بعد کسی بھی ملاقات میں کہیں نظر نہیں آئے، کیونکہ عمران خان نے انہیں ڈالر کی قدر میں کمی لانے اور ایسے دیگر معاشی مسائل کا حل ڈھونڈنے کا ٹاسک دے رکھا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قوم سے کیے وعدے کب اور کیسے پورے کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان کا انتخاب ہوا اور عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جس کے بعد آج ایوان صدر میں عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے حلف لیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں