وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے بیانیہ کو اجاگر کریں گے،

اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان مخالف بیانیہ رد کر دیا، وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کی ملاقات سے خطے میں مثبت اثرات رونما ہوں گے سندھ میں جمہور پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں، یہاں جمہور کی نہیں جمہوریت کی فکر ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم جمہور کو جمہوریت کے لئے مضبوط کریں گے، قبائلی اضلاع میں ہونے والے الیکشن میں دو بڑی سیاسی جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں اور عوام نے دونوں پارٹیوں کی سیاست کو رد کر دیا وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

پیر 22 جولائی 2019 23:42

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ کے دوران قومی مفاد میں پاکستان کے بیانیہ کو اجاگر کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان مخالف بیانیہ کو رد کر دیا ہے، پاکستان دشمنوں کی سازشیں دم توڑ رہی ہیں، وزیراعظم پاکستان اور امریکی صدر کی ملاقات سے خطے میں مثبت اثرات رونما ہونے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر، مجلس عاملہ کے اراکین اور پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی، قومی مفاد اور عوام کے حقوق کے بیانیے کو دنیا میں فروغ دینے کے لئے نکلے ہیں تو ہم توقع کرتے ہیں کہ کچھ سیاسی نابالغ دوست جو پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ہوش کے ناخن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جسے سیاست یا احتجاج کرنا ہے وہ پاکستان میں آکر کرے، ملک سے باہر ہم سب کا صرف ایک ہی بیانیہ، شناخت ملک و قوم کے مفاد کا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لئے بین الاقوامی سطح پر ایسے کندھے تلاش نہیں کرنے چاہئیں جن پر سوار ہو کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششوں میں حصہ دار بنا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے حوالے سے ایک مخصوص سوچ اور ذہن رکھتے تھے، وزیراعظم کے دورے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں گرین پاسپورٹ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات جس طرح اوورسیز پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ میں توقع کرتی ہوں کہ پاکستان کے بیانیہ کے تحفظ کے لئے میڈیا ہائوسز اور الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات کو مثبت انداز میں پیش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں جمہور پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں، یہاں جمہور کی نہیں جمہوریت کی فکر ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم جمہور کو جمہوریت کے لئے مضبوط کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ہونے والے الیکشن میں دو بڑی سیاسی جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں اور عوام نے دونوں پارٹیوں کی سیاست کو رد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران صحافتی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر میڈیا ورکرز کے مسائل کا احاطہ کیا ہے اور مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت میں صوبائی حکومت کے وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گذشتہ دنوں کراچی پریس کلب کے صدر کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے رکن کا رویہ ذاتی عمل تھا، پی ٹی آئی کسی ایسے عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اور فردوس شمیم نقوی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس حوالے سے کراچی پریس کلب کے صدر سے معذرت کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں