اردو بولنے والوں کو سیاسی مفادات میں لسانیت کی زنجیر میں جکڑ کے محدود کر دیا گیا تھا، سید مصطفی کمال

پیر 18 نومبر 2019 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اردو بولنے والوں کو سیاسی مفادات میں لسانیت کی زنجیر میں جکڑ کے محدود کر دیا گیا تھا۔ آج ملک بھر سے لوگ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، ہمارے آبا اجداد نے اس ملک کو بنانے کیلئے جانوں کے نذرانے دیئے تھے، اب ہم اسے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے مثالی کردار ادا کریں گے۔

ملک بھر کی عوام پی ایس پی کے ساتھ ہے۔ اسی لیے کارکنان یہ پیغام لے کر ملک بھر میں گھر گھر جائیں کہ اب سیاست صرف سچ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیے اور عوامی رابطے تیز کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال ٹان، شاد مان ٹان اور شاہ فیصل ٹان سے تعلق رکھنے والے غیر سیاسی افراد کی مرکزی دفتر پاکستان ہاس میں شمولیت کے موقع پر انسے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مسلم لیگ کا اتحادی سیٹ اپ سندھ میں جی ڈی اے اور پی ایس پی، خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی اور اے این پی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہماری انتھک محنت، خلوص، صحیح نظریے کا نتیجہ ہے کہ لوگ بلا تفریق ہم سے جڑ رہے ہیں۔ آج پاک سر زمین پارٹی جتنی اردو بولنے والوں کی جماعت ہے اتنی ہی سندھی، بلوچی، سرائیکی، پشتو، ہزارہ، کشمیری اور دیگر زبانیں بولنے والوں کی جماعت ہے۔ ہم سیاست مسائل اور انکے حل کی بنیاد پر کر رہے ہیں اس لیے ہمارے نظریے کی کامیابی میں ہی سب کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر سید مصطفی کمال نے شمولیت اختیار کرنے والے تمام افراد کو پاک سرزمین پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں