سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک پروجیکٹس میں شامل کرانے میں کامیاب ہوگئی، مراد علی شاہ

بدھ 22 جنوری 2020 00:02

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو سی پیک پروجیکٹس میں شامل کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دھابیجی پمپنگ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران ہم نے پانی کی فراہمی کے تیسرے فیز کے منصوبہ کا افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو سے کروایا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے موجودہ وزیر بلدیات اور سابق وزیر بلدیات جام خان شورہ کو 100 ایم جی ڈی کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ تمام مشینری جرمنی سے درآمد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے، پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، سندھ میں حکومت عملی طور پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، اس پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے، پمپ ہاس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔ اس طرح شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سنہ 1959 میں تعمیر پرانے پمپنگ اسٹیشن ابھی تک کام کر رہے تھے، پرانے پمپنگ اسٹیشنز کی گنجائش میں کافی حد تک کمی آچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت حب سورس سے پانی لانے کے لیے اس کی کینال کی امپرومنٹ کا کام شروع کررہی ہے،حب کینال کی امپرومنٹ سے 30 فیصد پانی کے لائن لاسز ختم ہوجائیں گے جوکہ کراچی کے ضلع وسطی میں پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا اور کراچی میں پانی کے مسئلہ کا حل اور اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹس کی تکمیل سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو دوبارہ سی پیک پروجیکٹس میں شامل کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں