عوام شب برات کے موقع پر گھروں میں عبادت کریں، ناصر حسین شاہ

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لوگوں کو راشن و غذائی اجناس کی فراہمی کا مشن نہایت مشکل اور صبر طلب ہے،وزیراطلاعات سندھ وزیر اعلی سندھ کی خصوصی توجہ اور ہدایت کی روشنی میں صوبائی حکومت، فلاحی تنظیموں کے تعاون سے راشن کی گھر گھر تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے

منگل 7 اپریل 2020 17:24

عوام شب برات کے موقع پر گھروں میں عبادت کریں، ناصر حسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ، سید ناصر حسین شاہ نے شب برات کے موقع پر عوام سے درخواست کی ہے کہ اپنے اپنے گھروں پر رہ کر اس رحمت والی شب کی برکتیں سمیٹیں۔ ناصر حسین شاہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اس عظیم رات نامہ اعمال پیش ہونے کے ساتھ ساتھ انسانوں کی قسمت کے فیصلے بھی ہوا کرتے ہیں اور پوری قوم اجتماعی طور پر اپنے اپنے گھروں میں کرونا کے خاتمے اور ملک پاکستان کے استحکام کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔

صوبائی وزیر نے عوام کے دوران لاک ڈاون مثالی نظم ضبط پر لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کو اپنے لوگوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر فخر ہے، جن کی اجتماعی کاوشوں سے کروناکے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے اور وہ وقت بھی انشا اللہ جلدآئے گا جب اس وبائی مرض کا آخری مریض بھی مکمل طور پر صحت یاب ہو گا۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ علما و مشائخ باقاعدہ اس امر پر متفق ہیں کہ جب شہر، بستی یا ملک میں وبائی مرض موجود ہو، اس موقع پر عبادات کو محدود اور مختصر کردینا ہی بہتر ہے اور تاریخ میں اس بات کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات نے حکومت سندھ کی جانب سے لاک ڈاون متاثرین کو راشن کی فراہمی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لوگوں کو راشن و غذائی اجناس کی فراہمی کا مشن نہایت مشکل اور صبر طلب ہے ۔

ہمارے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت ہے کہ عوام کو راشن اور رقم کی تقسیم گھر گھر کی جائے اوروزیر اعلی سندھ کی خصوصی توجہ اور ہدایت کی روشنی میں صوبائی حکومت، فلاحی تنظیموں کے تعاون سے راشن کی گھر گھر تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور جتنے بھی غریب، مستحق، دیہاڑی داڑ خاندان لاک ڈاون سے متاثر ہیں، ان کی دادرسی اور مدد کا سلسلہ پوری تندھی سے جاری ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے ایک بار پر عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں میں رہ کر اس عظیم رات کو اپنے مرحومین اور اس وبائی مرض کے خاتمے کے لئے دعائیں کریں ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی اس قدرتی آفت کو شکست دی جاسکتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں