کراچی سے انٹرنیشنل ایجنسیوں کو مطلوب ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد گرفتار

دہشت گردوں کی گرفتاری ٹیرر فنانسنگ کیس کی تفتیش کے دوران عمل میں آئی ، جن کا تعلق خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے ہے ، ملزمان کے قبضے سے 2 دستی بم ، ایک ایوان بم اور راؤنڈز سمیت 3 پستول برآمد کئے گئے ، سی ٹی ڈی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 جنوری 2021 16:44

کراچی سے انٹرنیشنل ایجنسیوں کو مطلوب ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری2021ء) کراچی میں انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او درخشاں اور ایس ایچ او ڈیفنس کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، دہشت گردوں کی گرفتاری کومبنگ آپریشن کے دوران قیوم آباد ڈی ایریا سے کی گئی ، ملزمان کے قبضے سے 2 دستی بم ، ایک ایوان بم اور راؤنڈز سمیت 3 پستول برآمد کئے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری ٹیرر فنانسنگ کیس کی تفتیش کے دوران عمل میں آئی ، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے ہے ، جب کہ گرفتار دہشت گرد انٹرنیشنل ایجنسیز کوبھی مطلوب ہیں ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جائے گی جس کی روشنی میں ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کیا تھا ، تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں انسداد دہشت گردی کے محکمے سی ٹی ڈی نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ، دہشت گرد پڑوسی ملک سے تربیت یافتہ ہے ، جس کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ، گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔

قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے مطلوب اشتہاری دہشت گرد فہیم جاوید عرف ’انقلابی‘ کو گرفتار کر لیا گیا ، جو کہ 7 افراد کے قتل میں ملوث ہے ، اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک ٹارگٹڈ کارروائی کی ، جس میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کیا گیا ، جس پر الزام ہے کہ ملزم انقلابی کی طرف سے یہ تمام وارداتیں اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور ارشد عرف چھوٹا اسد کے ساتھ مل کر کی گئیں۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن 2 عارف عزیز کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزم نے تفتیش کے دوران کراچی کے علاقوں لانڈھی ، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں اغواء کے بعد لوگوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ، فہیم جاوید عرف انقلابی نے قتل کی یہ تمام وارداتیں 2012ء میں کرنے کا انکشاف کیا ، ملزم نے محبت خان اور سمیع اللہ نامی شخص کو اغواء کیا ، جس کے بعد اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور عابد کے ساتھ مل کر انہیں قتل بھی کردیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں