جہانگیر ترین کی پیر پگارا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

ایک وزیر ہمارے ارکان کو توڑنے میں مصروف ہے، غیر مشروط اتحادی ہیں اور ہمارے ہی اراکین توڑے جارہے ہیں، پی ٹی آئی نے اتحادیوں کے ارکان ہی توڑنے ہیں تو الیکشن کا انتظار کرتی۔ سربراہ فنکشنل لیگ نے ارباب غلام رحیم کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 جولائی 2021 14:15

جہانگیر ترین کی پیر پگارا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء جہانگیر ترین اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گلے شکوے اور تحفظات ایک دوسرے کے سامنے رکھے ، دونوں رہنماؤں نے ملاقات اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء جہانگیر ترین نے کہا کہ نذیر چوہان کو حکومت خود باغی کر رہی ہے ان کی گرفتاری سے تشویش بڑھی ہے۔

ملاقات میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا کہ ایک وزیر ہمارے دیگر ارکان کو توڑنے میں مصروف ہے ، ہم غیر مشروط اتحادی ہیں اور ہمارے ہی اراکین توڑے جارہے ہیں ، حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ، اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کو سب باور کرادیا ہے ، پی ٹی آئی نے اتحادیوں کے ارکان ہی توڑنے ہیں تو الیکشن کا انتظار کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ارباب غلام رحیم کے الیکشن میں 300 مریدین پر مقدمات بنے ، اپنے ووٹرز کو مقدمات تلے چھوڑ کر ارباب غلام رحیم چلے گئے۔

واجھ رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی برائے سندھ مقرر کردیا ، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماء سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی برائے سندھ آفیئرز تعینات کیا گیا ہے ، اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ارباب غلام رحیم کی تعیناتی اعزازی بنیاد پر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ، سابق وزیراعلیٰ سندھ جوڑ توڑ کے سیاسی ماہر سمجھے جاتے ہیں ، اس سارے معاملے میں وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ذرائع کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے اگست سے سندھ میں سیاسی جلسے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اندرون سندھ ہونے والے ان جلسوں میں بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گی ، سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور انہیں اپنے ساتھ ملانا بھی پاکستان تحریک انصاف کے سندھ پلان کا حصہ ہوگا جس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس بلایا ہے جس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، اس اجلاس میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل ہوں گے جب کہ وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی ہوں گے اس کے علاوہ کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے صوبائی بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں