کراچی، غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت بارے تفصیلات سامنے آگئیں

پولیس مقابلے میں مارا گیا دہشتگرد بلوچستان پنجگور کا رہائشی تھا جس کی شناخت سہیل احمد ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک دہشتگرد اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا،تحقیقاتی ٹیم

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 14:41

کراچی، غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت بارے تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیو ںپر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت بارے تفصیلات سامنے آگئیں،پولیس مقابلے میں مارا گیا دہشتگرد بلوچستان پنجگور کا رہائشی تھا جس کی شناخت سہیل احمد ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا، دھماکے کے مقام پر دونوں دہشتگرد کافی دیر موٹرسائیکل کھڑی کر کے گاڑی کا انتظار کرتے رہے۔

سامنے آنے والی فوٹیجز میں دیکھاجاسکتاہے کہ خودکش حملہ آور کو خودکش جیکٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے، جیسے ہی گاڑی قریب آئی دہشتگرد آگے بڑھا اور خود کو اڑا لیا۔دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے تاحکم ثانی سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

دفتر وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ نماز جمعہ کی مناسبت سے مساجد امام بارگاہوں و دیگر کھلے مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز)، سب ڈویژنل پولیسآفسر (ایس ڈی پی اوز) فیلڈ میں آئیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اسٹیشن ہاوٴس افسران (ایس ایچ اوز) سیکیورٹی اقدامات میں انتہائی مستعد اور الرٹ رہیں، مزید ہدایت دی کہ رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ پر خصوصی فوکس رکھا جائے۔

ضیا الحسن لنجار نے ہدایت جاری کی کہ کمیونیکشن حکمت عملی کو مربوط اور موثر بنایا جائے۔واضح رہے کہ آج کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے، تاہم تمام 5 جاپانی شہری محفوظ رہے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں