7پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام مجاہد ملت اسیر زلف خاتم النبین مولانا عبدالستار خان نیازی کے یوم وصال قادری ہاؤس میں قران خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام

مولانا عبد الستار خان نیازی اہلسنت کے اکابرین میں شمار مجاہد ملت سے معروف ہستی ہیں،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 3 مئی 2024 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2024ء) مجاہد ملت اسیر زلف خاتم النبین مولانا عبدالستار خان نیازی کے یوم وصال کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔پاکستان سنی تحریک کے عارضی مرکز قادری ہاؤس میں مولانا عبدالستار خان نیازی کہ ایصال ثواب کے لیے قران خوانی اور فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

مولانا کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو مولانا عبد الستار خان نیازی اہلسنت کے اکابرین میں شمار مجاہد ملت کی معروف ہستی ہیں۔مولانا عبدالستار خان نیازی پاکستان بنانے والوں میں سے ایک تھے۔اٴْن کا اوڑنا بچھونا سب ہی کچھ پاکستان اور نفاذ اسلام کیلئے تھا۔وہ فنافی الپاکستان تھے،وہ پاکستان کو دنیا کے سامنے خلافت راشدہ کی طرز پر ایک جدید فلاحی ریاست کی طور پر دیکھنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

مولانا نے اس مقصد کیلئے متعدد کتابچے اور کتابیں بھی لکھیں جن میں خلافت۔ پاکستان،مسودہ آئین پاکستان، منشور خلافت، اتحاد بین المسلمین شامل ہیں۔پاکستان سنی تحریک کے شہید قائدین بھی مولانا عبدالستار خان نیازی کے پیروکار تھے۔شہید قائدین سلیم قادری،عباس قادری اور دیگر نے مولانا کے مشن کو جاری رکھا۔قائدین کی شہادت کے بعد محمد ثروت اعجاز قادری،علامہ بلال سلیم قادری اور دیگر رہنما بھی مولانا عبدالستار خان نیازی کے مشن کا حصہ بنے۔

ثروت اعجاز قادری نے مولانا اسلامی تعلیمات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نیازی عمر بھر ایک سربکف مجاہد کا کردار ادا کرتے رہے اور قیام پاکستان کے بعد اپنی وفات تک اپنے مشن کی تکمیل،مقصد کے حصول اور ریاست کی فوزوفلاح کیلئے کمر بستہ رہے۔1953میں انہوں نے تحریک تحفظ ختم نبوت میں فعال کردار ادا کیا۔ 1988 اور 1990ء کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1994ء سے 1999ء تک سینٹ آف پاکستان کے رکن رہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امورکے عہدے پر بھی خدمات انجام دیں۔ختم نبوت اور نظام شریعت کے لیے اہم کردار ادا کیا۔بلال سلیم قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی طالب علمی کے زمانے سے ہی دینی تعلیمات کے لیے سرگرم رہے 23 مارچ 1940ء کو جب قرار داد لاہور پیش ہوئی۔اٴْس وقت مولانا نیازی ایم اے فائنل ایئر میں زیر تعلیم تھے۔اس اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام مقررین کا مدعا اگرچہ پاکستان کا قیام ہی تھا مگر کسی نے اپنی تقریر میں پاکستان کا نام نہیں لیا۔یہ اعزاز صرف مولانا عبدالستار خان نیازی کو جاتا ہے کہ آپ نے پہلی بار اس اجتماع میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔جو مسلمانوں کے کسی عظیم اجتماع میں پاکستان کیلئے لگایا گیا پہلا نعرہ تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں