وادی کشمیر کی ریاستی تاریخ مسلمانوں کی حق تلفیوں سے عبارت ہے۔ قاری محمد ادریس خان

شاہد آفریدی فائونڈیشن SAFاسکول ، ارکان آباد کورنگی ڈھائی میں یوم یکجہتی کشمیر پر طلباء و طالبات کا ہاتھوں سے زنجیر بنا کر اظہار یکجہتی

جمعہ 9 فروری 2024 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2024ء) کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ وادی کشمیر کی ریاستی تاریخ مسلمانوں کی حق تلفیوں سے عبارت ہے۔کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانیوں کے دل ہمیشہ سے مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم بھارتی جبر کے شکار اپنے بھائی بہنوں کی اخلاقی، سفارتی مدد، جدوجہد آزادی کی کامیابی تک جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار گرین کریسنٹ ٹرسٹ GCTکے زیر انتظام شاہد آفریدی فائونڈیشن SAF اسکول، ارکان آباد کورنگی ڈھائی میں منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے پرنسپل قاری محمد ادریس خان نے کیا۔ اس موقع پر اساتذہ کرام ذکیر عالم، محمد ساجد سلطان، عظمیٰ کنول، محمد عمران یوسفزئی، سید نور، سلطانہ میر، ارم بانو، زینت امان، جویریہ سعید، فاطمہ ہارون، یسریٰ مہک اور طلباء و طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مقرر ین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے حکمران گذشتہ 70سال سے محض بیانات پر ہی اکتفاکیے ہوئے ہیں۔ ازلی دشمن ہندوستان میں جنت نظیر خطہ ہڑپ کرنے کا اقدام اٹھالیا اور ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ ہمارا دشمن ایٹم بم سے شاید اتنا خوفزدہ نہ ہو مگر جہاد کا جذبہ اسے دھمکانے کا مجرب ترین نسخہ ہے۔ حکومت فیصلہ کرے کے ذلت کی موت یا عزت و احترام کے ساتھ کشمیری مظلوم مسلمانوں کی مدد میں سے کون سا راستہ اختیار کرنا ہے۔

پاکستانی قوم نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز سے آواز ملائی ہے۔ آج جب وہ بھارتی استبداد کی کمینگیوں کے باعث قابضین کی رحم و کرم پر ہیں اور دنیا کے بھولے دانشواران محض مسلم دشمنی کی بنیاد پر ان کی آواز سننے کو تیار نہیں تو کلمہ طیبہ کے رشتے سے ہمارا جو روحانی و دینی تعلق ہے اس کے باعث ہم انہیں بے یارو مدد گار نہیں چھوڑ سکتے۔ حکومت بارڈر پر افواج کی تعیناتی سے اپنی پیش رفت کا آغاز کرے پوری قوم اپنی عسکری قوت کی پشت پر کھڑی ہوکر 6ستمبر والے جذبہ قومی وحدت ،بہادری و جاں فشانی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو بھولا ہوا سبق یاد کرانے کو تیار ہے۔

اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر زنجیر بناتے ہوئے اپنے مظلوم کشمیری بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں