بوہری کمیونٹی کا دنیا میں اپنا ایک الگ ثقافتی مزاج ہے ،نجیب ہارون

جدید علوم کا حصول بھی ان کی روایات کا اہم حصّہ ہے، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کا تقریب سے خطاب

پیر 27 جنوری 2020 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) ایم ایس بی حیدری میںمومنین اراؤنڈدہ ورلڈ ایک سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی انجنئیرنجیب ہارون نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی،یہ خوبصورت تقریب داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے زیر اہتمام کی گئی ،جس کا مقصد عوام الناس کو بوہری ثقافت ، کلچر، آرٹس، تجارت ،فنون لطیفہ اور جدید تعلیم سے روشناس کروانا تھا۔

یہ تقریب اس لحاظ سے بھی منفرد تھی کہ اس میں طلبہ اور اساتذہ کی انتھک محنت اورکاوشوں کے ذریعے یمن ،ہندوستان و پاکستان ، افریقہ، دبئی، امریکہ، آسٹریلیا اور کینیڈا میں رہائش پذیر مؤمنین کے طرز زندگی کو اس انداز سے پیش کیا گیا تھا کہ ہر آنے والاداد دیے بغیر نہ رہ سکا۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں بڑے بڑے سیاسی و سماجی رہنماؤں کے ساتھ مختلف شعب زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس کے ساتھ ہی بوہری کمیونٹی کے با اثر اورسرکردہ افراد کی شمولیت نے اس تقریب کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔ حسین بھائی صاحب کے ساتھ دیگر محلے کے عاملین اور معززین بھی اس تقریب میں نمایاں رہے، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی انجنئیرنجیب ہارون نے کہا کہ بوہری کمیونٹی کا دنیا میں اپنا ایک الگ ثقافتی مزاج ہے جس میں سب سے زیادہ اہمیت مذہبی تعلیمات کو حاصل ہے، اس کے ساتھ ساتھ جدید علوم کا حصول بھی ان کی روایات کا اہم حصّہ ہے۔

یہ تقریب مکمل طور پر بوہری کمیونٹی کے روحانی اور دنیاوی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کی دعاؤں اور رضا مندی کے ساتھ آپ کی رہنمائی اور ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی جس کا اثر ان کے ہر کام میں نمایاں نظر آ رہا تھا۔اسکول کی نمایاں کامیابی اسکی مختلف فیلڈز آرٹس، اسپورٹس، مختلف نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم کے لیے اسکالر شپ پروگرام ہے جو طلبہ کے لیے اعلی تعلیم کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے، طلبہ زیبسٹ، فاسٹ، ہمدرد یونیورسٹی، آئی بی اے، تابانی، نسٹ ،بحریہ وغیرہ میں اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسکول کا پری پرائمری سیکشن بھی اس مقابلے میں پیچھے نہ رہا، والدین اور بزرگوں کے لیے انہوں نے اوپن ڈے کا انعقاد کیا اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے مراحل کو ترتیب وار بتایا۔ اس تقریب سے نہ صرف طلبہ و طالبات کا اعتماد بڑھا بلکہ ان کی لسانی مہارتوں میں بھی اضافہ ہوا، لسان الدعو ،عربی، اردو اورانگریزی زبان میں تحقیقات اور معلومات نے اس تقریب کوچار چاند لگا دیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں