سندھ کامتوازن اور عوام دوست بجٹ ہے،مکیش کمارچاولہ

منگل 18 جون 2019 23:32

ٴْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کا نئے مالی سال برائے 2019-20 کا سالانہ بجٹ وفاق کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ ہے۔ اس بجٹ پر اپوزیشن جماعتوں کا واویلا ناقابل فہم ہے۔

یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی راہنمائی میں محدود وسائل کے باوجود بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خطیر رقم مختص کی ہے جبکہ امن و امان کے قیام پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے مذید کہا کہ روزگار کے نئے مواقع اور صوبے سے غربت کے خاتمے کے لیے بھی مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ وہ صوبے کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں اور حکومت سندھ کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب نے اپنے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پانچ سے دس فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ حکومت سندھ نے اپنے محدود وسائل کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ کیا جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن پر عمل کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور وہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا ہم سب کو مل کر اس مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں