رینجرزکی نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کو مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے کی یقین دہانی

سچل رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کرنل طاہر ایاز کا نکاٹی کا دورہ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:22

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) سچل رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کرنل طاہر ایاز نے مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں مربوط سیکیورٹی میکنزم وضع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکار اپنی مدد آپ کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں تاکہ امن ومان کی صورتحال پر نگاہ رکھی جاسکے۔

نارتھ کراچی ایسوس ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر جلد ہی فلیگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا جبکہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں جلد ہی رینجرز کی تعیناتی کی جائے گی۔ رینجرز سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ جلد ازجلد مانیٹرنگ پالیسی اپنانے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے تاکہ کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صنعتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہر فیکٹری اپنے ورکرز کو مکمل تفصیلات کے ساتھ رجسٹرڈ کروائے تاکہ مجرمانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی ایسوس ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان،صدر محمد نسیم اختر، سینئر نائب صدر عمران معیز خان، نائب صدر فواد الہٰی شمسی، سی ای او نکائی صادق محمد، چیئرمین بورڈ فراز مرزا،چیف سی ایم سی فاروق کھاتورا،ڈپٹی چیف سید یاسر علی، شہزاد الہٰی کے علاوہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

کرنل طاہر ایاز نے کہاکہ ڈی جی رینجرز کراچی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کراچی ایک پرامن شہر بنے ۔رینجرز کی تمام تر کوششوں کا مقصد کراچی کو پرامن شہر بنانا ہے لہٰذا اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے رینجرز صنعتکار برادری کو اپنا مکمل تعاون پیش کرے گی۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کی یہ کوشش ہے کہ نارتھ کراچی کو مجرمانہ سرگرمیوں سے پاک بنایا جائے گا اور جرائم کی شرح کو صفر پرلایا جائے نیز لیاری ندی کے مسئلے کو بھی حل کرتے ہوئے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی کی جائے گی۔

نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جس کا سہرا قانون نافذ کرنے والے اداروں باالخصوص رینجرز کو جاتا ہے۔رینجرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کو پرامن شہر میں تبدیل کیا۔نارتھ کراچی کے کچھ صنعتکاروں کو اغوا کیا گیا مگر رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی بازیابی میں اہم کردار ادا کیا تاہم کچھ ماہ سے صورتحال بہتر نہیں کیونکہ کچی آبادی سے جرائم پیشہ افراد صنعتی ایریا میں داخل ہو کر وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سے درخواست کی کہ جب بھی کوئی افغانی نظر آئے اس کی جانچ کی جائے کیونکہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔اگر کوئی بینک سے رقم لے کر جاتا ہے تو اسے راستے میں لوٹ لیاجاتا ہے جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو بھاری مالی نقصانات کاسامنا کرنا پڑتا ہے اس تناظر میں نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں امن وامان کی مجموعی صورتحال مایوس کن ہے۔انہوں نے کہاکہ رینجرز کے فلیگ مارچ کاجرائم پیشہ افراد پر بڑا اثرپڑتا تھا کیونکہ جرائم پیشہ عناصر کو پولیس کا کوئی خوف نہیں یہ عناصرصرف رینجرز کے نام سے خوف کھاتے ہیں لہٰذا رینجرز کا فلیگ مارچ دوبارہ شروع کیا جائے اور صنعتکاروںکو پر امن ماحول فراہم کرنے میں رینجرز پنا کردار ادا کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں