جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں اور ہاکرز کے ساتھ ہے ، ڈاکٹر اسامہ رضی

ہفتہ 14 دسمبر 2019 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے تاجروں اور ہاکرز کے ساتھ ہے ،ہوشربا مہنگائی کے اس دور میں چھوٹے کاروباری افراد کو روزگار سے محروم کرنا ظلم عظیم کے مترادف ہے ۔کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف جدوجہد میں پوری طرح ہاکرز کے ساتھ ہے ۔

وہ آج چھوٹے تاجروں اور ہاکرز کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ،جس میں اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد ،نوید احمد ،بابر بنگش اور غلام محمد کی قیادت میں آج ادارہ نور حق میں ان سے ملاقات کی ۔محمود حامد نے اس موقع پر کہا کہ نومبر 2019میں آپریشن کرکے 6500دوکانوں کو گرایا گیا اور اب تک90فیصد تاجر متبادل روزگار نہ ملنے کی وجہ سے بیروزگار ہیں ،اب 28روز سے ہاکرز کی کاروبار کی جگہوں پر پولیس کے ذریعے کاروبار تباہ کردیا گیاہے ،دنیا میں ہر جگہ چھوٹے کاروباری افراد کو کاروبار کی اجازت ہوتی ہے اور یہ تمام ہاکرز پچاس ساٹھ سال سے کاروبار کررہے ہیں ،بلدیاتی عملہ ان سے ہزاروں روپے وصول کرتا ہے اب پولیس بھی بھتے طلب کررہی ہے ،فاقہ کش آپریشن سے کراچی کے 20لاکھ ہاکرز کو بیروزگار کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دیتی اب اگر یہ لوگ روزگار کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کاروبار کرتے ہیں تو انھیں اس سے بھی محروم کیا جارہا ہے ۔پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ روزگار آپ کا حق ہے اس سے روکنا جرم ہے ،جماعت اسلامی اس کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی ،قانون کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا تو ضرور کھٹکھٹائیں گے ،روزگار کی بندش ختم نہ ہوئی تو جرائم میں اضافہ ہوگا ،لوگوں میں بے چینی بھی بڑھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے شناختی کارڈکے مسئلہ اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار پر بھرپور تحریک چلائی، جس کے نتیجے میں ہم نے بہت سے عوامی مطالبات تسلیم کروائے ہیں ،آپ بھی اپنے حق کیلئے نکلیے ،جماعت آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی ،شہر کی آبادی بڑھتی جارہی ہے ،حکمران ٹیکسوں میں اضافہ کررہے ہیں مگر عوام کو سہولیات فراہم نہیں کررہے ،لاکھوں جوان یونیورسٹیوں سے ہر سال فارغ ہورہے ہیں جن کے لیے کوئی روزگار نہیں ایسی صورتحال میں خود انحصاری کی بنیاد پر جو چھوٹے تاجر اپنا کاروبار کررہے ہیں انھیں روکنا ظلم کی انتہا ہے ،جماعت اسلامی ہر قدم پر بیروزگار تاجروں کے ساتھ ہے اور ان کے روزگار کی بحالی تک تاجر وں کے ساتھ ہیں ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں