حکومت کا براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو دینا بدنیتی پر مبنی ہے،رانا احسان

جمعرات 28 جنوری 2021 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر خواجہ غلام شعیب نے اپنی رہائش گاہ پر کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے صدور کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔اس موقع پر سندھ کے سینئر نائب صدر رانا احسان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کا براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو دینا شدید بدنیتی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پانامہ کیس میں عظمت سعید کے کردار کو دیکھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان اور عظمت سعید کے رشتوں اور تعلقات سے بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر واقعی براڈ شیٹ کی تحقیقات میں سنجیدہ ہے تو عظمت سعید کی جگہ کسی اچھی شہرت کے حامل ریٹائرڈ جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے بصورت دیگر قوم ان کے متنازع فیصلہ کو تسلیم نہیں کرے گی اور اس کا فیصلہ بھی جگ ہنسائی کا سبب بنے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ناصر الدین محمود نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی تحریک سے خوف زدہ ہے یہی وجہ ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ارکان اسمبلی کو سیاسی رشوت کے طور پر 50،50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکیج کی رقم کا اعلان کر کے ایک دھیلہ نہ دینے والے سلیکٹڈ وزیر اعظم اپنی حکومت بچانے کے لیے سیاسی رشوت بانٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سمیت تمام مسائل کا حل موجودہ نااہل اور کرپٹ حکومت کے خاتمے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک بہت جلد اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گی۔ تقریب کے میزبان خواجہ غلام شعیب نے تمام عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ آپ سب کو ساتھ لے کر مسلم لیگ(ن) کو کراچی میں اس طرح منظم کریں گے کہ آئندہ تمام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور کراچی کے ہر طرح کے مسائل کو حل کرے گی۔

اس موقع پر ایڈیشنل جنرل سیکریٹری سندھ غلام مصطفی ایڈوکیٹ، ندیم اختر آرائیں، فیروز خان، حاجی صالحین تنولی، امتیاز خان، اسلم خٹک ایڈوکیٹ، جاوید میاں، سرفراز ، عنیب شاہ، رانا علی ودیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں