30 مارچ عافیہ کا اغواء، پاکستان اور امریکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

تین بچوں سمیت ایک ماں کے اغواء کے 21 سال مکمل ہو گئے، جیل میں بدسلوکی کا سلسلہ اب تک جاری ہے،چیئرپرسن عافیہ موومنٹ

جمعہ 29 مارچ 2024 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ملک کی معروف نیوروفزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ 30 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ کے اغواء کے 21 سال مکمل ہو گئے، جیل میں عافیہ کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ یہ پاکستان اور امریکہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، جب ایک بے گناہ ماں کو اس کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کر کے ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی تھیں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے اغواء کے 21 سال مکمل ہونے کے موقع پر اندرون و بیرون ملک ان کے جو سپورٹرز احتجاج کر رہے ہیں، میں ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ معروف بین الاقوامی تحقیقاتی صحافی ایووان ریڈلے اور امریکی اٹارنی ٹینا فوسٹر ڈاکٹر عافیہ کی بے گناہی ثابت کرنے پر کام کرچکی ہیں اور اب انسانی حقوق کے نامور وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ عافیہ کا اغواء دہشت گردی کی جنگ کے جرائم کا سب ہولناک واقعہ تھا۔یہ دن ڈاکٹر عافیہ کے بچوں اور اہلخانہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی اس لیے بھی ضروری ہے کہ مستقبل کا مورخ پاکستان کو بیٹی فروش ریاست نہ لکھے۔ڈاکٹر فوزیہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت ضائع نہ کرے قوم کی بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے ۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے حافظ سعید اور ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ ڈاکٹر احمد نے گزشتہ شب تراویح میں قرآن کی تکمیل کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی، ان کی والدہ عصمت صدیقی کی مغفرت ، غزہ کے متاثرین اور عالم اسلام اور پاکستان میں امن و استحکام کے خصوصی طور پر دعا ئوں کا اہتمام کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں