سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس،اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے خلاف جامع حکمت عملی بنائی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 2 مئی 2024 16:00

سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس،اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے خلاف جامع حکمت عملی بنائی ہے،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) سندھ ایپکس کمیٹی کا 31 واں ہنگامی اجلاس جمعرات کووزیراعلیٰ ہائوس میںہوا، جس میں صوبے کے امن و مان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ایپکس کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ،سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضی وہاب، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل بابر افتخار، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، چیف کلیکٹر کسٹمز یعقوب ماکو، ڈائریکٹر ایف آئی اے زعیم اقبال اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ اجلاس گزشتہ ایپکس کمیٹی کا تسلسل ہے، صدرِ پاکستان نے امن و امان پر گزشتہ روز وزیراعلی ہائوس میں اہم اجلاس کیا، صدر نے کچے میں ڈاکوئوں کے سہولت کاروں کو بھی گرفت میں لانے کی ہدایت کی اور منشیات کے خلاف آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صدرِ پاکستان نے زمینوں پر قبضوں کو ناقابل برداشت قرار دیا، سندھ حکومت صدرِ مملکت کے احکامات پر مکمل عمل کرے گی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت صوبے میں امن و امان کی بحالی کیلئے سخت اقدامات کررہی ہے، اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے خلاف جامع حکمت عملی بنائی ہے، ان تمام محرکات پر کام ہو رہا ہے جو اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے اسباب ہیں، سندھ حکومت ڈرگ مافیا اور اسمگلنگ کے خلاف بھی بھرپور کام کر رہی ہے۔

اجلاس میں شریک صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے کاروبار میں ایک نائیجیرین کو گرفتار کیا ہے، حیدرآباد میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون میں تین منشیات فروش مارے گئے، منشیات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کے خلاف 164 مقدمات درج کئے گئے جن میں 166 گرفتاریاں ہوئی ہیں، منشیات فروشوں سے 27 گاڑیاں اور 22 موٹر سائیکلز برآمد کی گئی ہیں، چار کلو ہیروئن اور 1200 کلو بھنگ بھی برآمد کی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں پر نظر رکھی جائے گی تاکہ منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھ سکیں، منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ادارے قائم کئے جائیں گے۔وزیراعلی سندھ نے محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کو دیگر صوبوں اور اداروں کے ساتھ مل کر آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔جس پر شرجیل میمن نے بتایا کہ ہم وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اس موقع پر کور کمانڈر کراچی نے کہاکہ منشیات کے خلاف آپریشن میں سندھ حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں