میئر اور ڈپٹی میئر کراچی سے تربت کے میئر بلک شیر قاضی کی ملا قات

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے میئر تربت کو کے ایم سی آمد پر خوش آمدید کہا

پیر 6 مئی 2024 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد سے بلوچستان کے شہر تربت کے میئر بلک شیر قاضی نے پیر کی صبح صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے میئر تربت کو کے ایم سی آمد پر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ کراچی اور تربت کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید وسعت دے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تربت کے میئر بلک شیر قاضی کو بتایا کہ کراچی میں سندھ حکومت کے تعاون سے بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر اور موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ نچلی سطح پر بہتری لا کر شہریوں کے معیار زندگی کو بلند کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے سات بڑے شہروں میں ہوتا ہے اور اسے ایک اہم میٹروپولیٹن سٹی کی حیثیت حاصل ہے، کراچی کی ضروریات کے مطابق پانی و سیوریج کے نظام ، سڑکوں ، پلوں اور انڈرپاسز کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس کو روشن رکھنے اور شہر میں صفائی ستھرائی کے مجموعی نظام کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں، شہر کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ ملا کر مشترکہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے ثمرات کراچی کے شہریوں کو حاصل ہو رہے ہیں، میئر کراچی نے تربت کے میئر سے بلوچستان میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی نظام کو بہتر بنا کر ہی شہریوں کو نچلی سطح پر معیاری خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں لہٰذا اس ضمن میں کوششیں جاری رہنی چاہئیں، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے تربت کے میئر بلک شیر قاضی کو کراچی کے بلدیاتی نظام کے حوالے سے آگاہ کیا،اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،میئرکراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز انور بلوچ ، سینئر ڈائریکٹر انفارمیشن پرنٹنگ و میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ کراچی میں تین سطحی بلدیاتی نظام نافذ ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی ایکٹ میں تبدیلی کی ہدایت کی ہے ،کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر کاموں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی اور تربت کے درمیان باہمی تعاون اور رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے اور ہمیں اپنے تجربات سے سیکھنا چاہئے ، میئر تربت بلک شیر قاضی نے کہا کہ کراچی ہمارا دوسرا گھر ہے ،تربت میں 53وارڈز ہیں اورمجموعی طور پر 79کونسلرز بلدیاتی ایوان کے ممبر ہیں، تربت کی آبادی تین لاکھ کے قریب ہے جنہیں بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں، تربت کی سڑکوں ، سیوریج کے نظام اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، میئر تربت بلک شیر قاضی نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ساتھ اپنی ملاقات کو مفید قرار دیا اور کہا کہ انہیں اس دورے سے کراچی کے بلدیاتی نظام اور کراچی میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے لئے ہونے والی منصوبہ سازی اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے بہت کچھ جاننے اور سیکھنے کا موقع ملا ہے ، بعدازاں تربت کے میئر نے کے ایم سی کی تاریخی عمارت اور کونسل ہال کا دورہ کیاجس کے دوران انہیں اس عمارت کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں