پی سی بی ایوارڈز 2020 کے لیے نامزدگیوں کا اعلان

بابراعظم، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی تین مختلف کٹیگریز میں شارٹ لسٹ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان یکم جنوری کو پی سی بی کے ڈیجٹل پلیٹ فارمز سے کیا جائے گا

جمعرات 31 دسمبر 2020 23:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی ایوارڈز 2020 کے لیے نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی ہے، ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان یکم جنوری کو پی سی بی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کیا جائے گا۔معزز اور کرکٹ کی ممتاز شخصیات پر مشتمل آزادجیوری نے بارہ مختلف کٹیگریز کے لیے نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ان بارہ میں سے دس کٹیگریزکھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی سے متعلق ہیں۔اس دوران جیوری نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، حریف ٹیم، اس پرفارمنس سے میچ پر مرتب اثرات سمیت کئی پہلوؤں کو پیش نظر رکھا۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ، ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو تین مختلف کٹیگریز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ، حارث رؤف، محمد رضوان، نسیم شاہ اور شان مسعودکو دو مختلف کٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو وائیٹ بال کرکٹر آف دی ائیر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگریزکے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں، محمد حفیظ سال کی بہترین انفرادی کارکردگی ، وائیٹ بال کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف مینز انٹرنیشنل ایمرجنگ کرکٹر اور وائیٹ بال کرکٹر آف دی ائیر کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کا نام مینز انٹرنیشنل ایمرجنگ کٹیگری آف دی ایئر اور سال کی بہترین انفرادی کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

شان مسعود کو سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔محمد حفیظ(انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز)کے علاوہ، نسیم شاہ (بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک) ، شان مسعود (انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 156 رنز کی اننگز) اور فواد عالم ( نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 102 رنز کی اننگز) کو سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کے لیے حسن علی، کامران غلام، سعود شکیل اور زاہد محمود کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔محمد حریرہ، مبصر خان، روحیل نذیر اور قاسم اکرم کو مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ائیرکے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یکم اگست 1999کو یا بعد میں پیدا ہونے والے وہ کھلاڑی جو اب تک پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل نہیں کرسکے، انہیں اس کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ائیر کے لیے عائشہ نسیم، فاطمہ ثنائ ، نجیہ علوی اور سیدہ عروب شاہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے عالیہ ریاض، بسمہ معروف، جویریہ خان اور منیبہ علی کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔اسپرٹ آف دی کرکٹ اور کارپوریٹ اچیوومنٹ ایوارڈ کی نامزدگیاں بھی آزاد جیوری نے ہی فائنل کیں تاہم چار امپائرز کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرنے کے لیے میچ ریفریز اور چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز کی تجاویز لی گئیں۔

ان چار امپائرز میں احسن رضا، آصف یعقوب، غفار کاظمی اور شوزب رضا شامل ہیں۔کٹیگریز امپائر آف دی ایئرمیں احسن رضا،آصف یعقوب،غفار کاظمی،شوزب رضا جبکہ ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر میں عائشہ نسیم،فاطمہ ثناء،نجیہ علوی،سیدہ عروب شاہ،مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر میں محمد حریرہ،مبصر خان،روحیل نذیر،قاسم اکرم،مینز ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر میں حیدر علی،حارث رؤف،نسیم شاہ،خوشدل شاہ،ویمن کرکٹر آف دی ایئر میں عالیہ ریاض،بسمہ معروف،جویریہ خان،منیبہ علی ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر میں حسن علی،کامران غلام،سعود شکیل،زاہد محمود جبکہ سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا کھلاڑیوں میں فواد عالم ،102 بمقابلہ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ، محمد حفیظ، 86 ناٹ آؤٹ بمقابلہ انگلینڈ ،تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، نسیم شاہ، 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں بشمول ہیٹ ٹرک بمقابلہ بنگلہ دیش ، شان مسعود، 156 بمقابلہ انگلینڈ ، پہلا ٹیسٹ،اسپرٹ آف دی کرکٹ میں سندھ کے کھلاڑیوں کا ریٹائرمنٹ لینے والے عمران فرحت کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا،ٹی ٹونٹی سیریز میں 2-0 سے جیت کے بعد بنگلہ دیش کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم،ساؤتھ ہمپٹن ٹیسٹ میں 267 رنز کے بعد پاکستان کے کھلاڑیوں کا زیک کرولی کو مبارکباد پیش کرنا،پاکستان کے کھلاڑیوں کا زمبابوے کے ایلٹن چگمبرا کو ایک کامیاب کیریئر پر مبارکباد پیش کرنا،سال کی کارپوریٹ اچیومنٹ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا پہلی مرتبہ مکمل طورپر پاکستان میں انعقاد کیا گیا کوویڈ 19 کی عالمی وبائ کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کا دیگر بین الاقوامی ٹیموں کو کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے متحرک کرنا،کوویڈ 19 کے باوجود ایک مکمل، مسابقتی اور سنسنی خیز ڈومیسٹک سیزن 2020 کا انعقاد ،جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں کا 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کرنا جبکہ وائٹ بال کرکٹر آف دی ائیر میں بابر اعظم، حارث رؤف،محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی،ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر میں بابر اعظم،محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود،سال کا سب سے قابل قدر کرکٹر میں بابر اعظم، محمد حفیظ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفرید ی شامل ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں