کراچی میں بارش والا سسٹم ختم، برسات کے بعد موسم سرد ہوگیا

پورے دن بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

ہفتہ 2 مارچ 2024 13:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2024ء) شہر قائد میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم شہر سے نکل گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر کا موسم ابرآلود اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔رات تک کم سے کم درجہ حرارت 14 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پورے دن بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی جہاں 45 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ ڈی ایچ اے میں 40 ملی میٹر بارش ہوئی۔اس کے علاوہ کورنگی میں 39 ملی میٹر، کیماڑی میں 31 ملی میٹر، سرجانی میں 30 ملی میٹر، گلشن حدید میں 27 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل پر 26 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن میں 24 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 20 ملی میٹر اور یونیورسٹ روڈ پر 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

نارتھ کراچی میں 16 ملی میٹر، گڈاب میں 8 ملی میٹر، ایئرپورٹ اور ناظم آباد میں 12 ملی میٹر اور ملیر میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے بعد ڈیفنس، کلفٹن اور کورنگی کی سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑا تاہم شاہراہ فیصل، صدر و دیگر علاقوں میں زیادہ بارش نہ ہونے کی بدولت شہر کے تجارتی مراکز میں اس مرتبہ زیادہ ٹریفک جام نہ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا اسپیل گزر چکا ہے البتہ کچھ علاقوں میں صبح تک ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔رات گئے تک بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص بارش سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور نالوں کی صفائی کا عمل شروع کردیا۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ روڈ کے کونے پر موجود پانی ہٹانے کے لیے مشینری کام کر رہی ہے، ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں کینٹونمنٹ کا عملہ کام کر رہا ہے اور پی ڈی ایم اے کی مشینری اور باؤزر پانی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کینٹ اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث اسٹیشن آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کینٹ اسٹیشن پر انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے کوئی انتظامات نہیں کیے جاسکے ہیں۔یاد رہے کہ ایک روز قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوپہر سے رات تک تیز بارش کے چار اسپیل کی پیش گوئی کی تھی،ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر سندھ بھر میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں