کرک ،مضافاتی علاقہ عیسک خماری میں گیس غبارہ پھٹنے سے بچوں سمیت 10 افراد زخمی

اتوار 10 دسمبر 2023 18:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) کرک کی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے مضافاتی علاقہ عیسک خماری میں گیس غبارہ پھٹنے سے بچوں سمیت کم از کم10 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ابتدائی اطلاعات اور ریسکیو1122 کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی بعداز سہ پہر بانڈہ داؤدشاہ کے مضافاتی عاقہ عیسک خماری میں پیش آیا جہاں قدرتی گیس سے بھرا ہواپلاسٹک کا بڑا غبارہ اچانک پھٹ گیا جس سے آگ بھڑک اٴْٹھی۔

(جاری ہے)

غبارہ پھٹنے اور آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم دس افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ایمبولینس گاڑیوں نے پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد پہنچائی جن میں بعض کو فوری طورپر ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ اور بعدازاں پشاور منتقل کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اٴْس وقت پیش آیا جب علاقہ میں ایک مبینہ غیرقانونی گیس کنکشن سے مقامی بچے غباروں میں گیس بھرنے کے لئے جمع تھے کہ اچانک ایک غبارہ پھٹ گیا۔ یادرہے کہ کرک کے بیشتر علاقوں میں گیس کی بندش اور کمی کے باعث مقامی صارفین بڑے بڑے پلاسٹک غباروں میں اپنے گھریلو استعمال کے لئے قدرتی گیس بھرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں