کرک ،گھر میں گیس لیکج سے دھماکہ ،خاتون ،چار کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی

ہفتہ 23 دسمبر 2023 19:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2023ء) کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے مرکزی شہر ٹیری میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ میں ایک ہی گھرانے کی خاتون اور چار کمسن بچیوں سمیت پانچ افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جبکہ مکان کوجزوی نقصان پہنچا۔دو کمسن بچیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ آمدہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی شام ٹیری شہر کے محلہ کھڑکی کے عزیزاللہ نامی شخص کے گھر میں اٴْس وقت ہوا جب مبینہ طورپرگیس لوڈشیڈنگ کے باعث اہل خانہ سے کمرہ کے اندر گیس چولہا کھلا رہ گیا تھا اور جب شام سے پہلے معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کے بعد گیس بحال ہوئی تو گھریلوخاتون نے کھانا پکانے کے لئے جیسے ہی دیا جلائی تو گیس بھرجانے کے باعث زوردار دھماکہ ہوا جس کی زدمیں آکر زوجہ ظفر اللہ اور اس کی ایک کمسن بیٹی سمیت پانچ افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

جھلس کر زخمی ہونے والوں میں تین دیگر کمسن بچیاں بھی شامل ہیں جو آپس میں چچازاد بتائی جاتی ہیں۔دو بچیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ کی آواز پر قریبی لوگوں نے پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تمام زخمیوں کو سول ہسپتال ٹیری پہنچادیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد تمام زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کردیا گیا۔بتایاجاتا ہے کہ دھماکہ سے مکان جزوی طورپر متاثر ہوا ۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں