کرک ،انتخابات سے دو روز قبل جے یو آء یکی مقامی سیاست میں بڑی تبدیلی

مولانا میرزاقیم جمعیت کی ضلعی امارت سے مستعفی ،آزاد پینل کے اٴْمیدواروں کی بھرپور حمایت کااعلان

منگل 6 فروری 2024 22:59

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) کرک میں عام انتخابات سے دو روز قبل مقامی سیاست میں اچانک بڑی تبدیلی آگئی جہاں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے جلسہ عام کے چوبیس گھنٹوں بعد ہی جمعیت علمائے اسلام (ف)میں پھوٹ پڑگئی ،ضلعی امیر مولانا میرزاقیم نے جمعیت کی ضلعی امارت سے مستعفی ہو کرپارٹی سے اپنی راہیں جدا کرکے آزاد پینل کے اٴْمیدواروں کی بھرپور حمایت کااعلان کردیا جبکہ دوسری جانب ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے صوبائی و مرکزی کابینہ نے کرک جلسہ عام میں مولانا فضل الرحمن کی موجودگی میں ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی اعجاز کوتھپڑ مارنے پرمولانا میرزاقیم کو عہدے سے فوری طورپر برطرف کرکے ان کی بنیادی رکنیت بھی معطل کردی ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام کرک کے ضلعی امیر مولانا میرزاقیم نے گزشتہ شب مقامی میڈیا کے نمائندوں کو بلاکرہنگامی پریس کانفرنس میں اچانک ضلعی امارت کے عہدے سے مستعفی ہوکر پارٹی سے اپنے راستے جداکرنے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

مولانا میرزاقیم نے نہ صرف جمعیت سے اپنا راستہ الگ کردیا بلکہ عام انتخابات میںکرک میں آزاد اٴْمیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کردیا۔

سابق ضلعی امیر مولانا میرزاقیم نے اپنے ساتھیوں سمیت کرک سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 38 سے آزاد اٴْمیدوار محسن علی خان‘ پی کے 97 سے آزاد اٴْمیدوار جاوید اقبال اور پی کے 98 سے ملک قاسم کی حمایت کردی تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی و مرکزی قیادت نے مولانا میرزاقیم کی مبینہ غیر اخلاقی حرکت پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف اور بنیادی رکنیت معطل کردی ہے۔

یادرہے کہ گزشتہ روز کرک میں مولانا فضل الرحمن کے جلسہ عام کے موقع پر اس وقت بدمزگی پیداہوگئی تھی جب جے یو آئی کے ضلعی امیرمولانا میرزاقیم نے فضل الرحمن کو سٹیج آمد پر ہارپہناتے ہوئے عقب میں کھڑے ضلعی جنرل سیکرٹی مفتی اعجاز کو مکا رسید کردیا تھا جس پر مولانا فضل الرحمن سمیت وہاں موجود دیگر رہنما بھی ششدر رہ گئے تھے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں