مچل مارش ویسٹ انڈیزکے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچزکی سیریز میں کینگروز کی قیادت کریں گے

بدھ 24 جنوری 2024 22:31

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2024ء) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے )نے آئندہ ماہ ویسٹ اندیز کے خلاف شیڈول ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے مایہ ناز آل رائونڈر مچل مارش کو قومی مینز کرکٹ ٹیم کا کپتان نامزد کر دیا ہے۔32سالہ مایہ ناز آل رائونڈر مچل مارش ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

وہ گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں جنوبی افریقا کی سرزمین پر اس کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ اگرچہ کرکٹ آسٹریلیا نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ رواں سال کے آخر میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کون کرے گا، مچل مارش کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی کارکردگی دکھاتے ہوئے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کے لئے مضبوط دعویدارکے طور پر سامنے آئیں ۔

(جاری ہے)

میتھیو ویڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بائولرپیٹ کمنز ، مچل سٹارک سمیت سینئر بلے باز سٹیو سمتھ کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ مایہ ناز آل رائونڈر گلین میکسویل اور تیز گیند باز نیتھن ایلس کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹی ٹونٹی سکواڈ ہوبارٹ میں افتتاحی میچ سے دو دن پہلے 7 فروری کو جمع ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے آسٹریلوی ٹیم مچل مارش (کپتان)، ٹریوس ہیڈ،میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر،گلین میکسویل،شان ایبٹ، جیسن بہرنڈورف، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلیس، میٹ شارٹ، مارکس سٹونیس اور ایڈم زمپاپر مشتمل ہوگی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 9 فروری کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں