کندھ کوٹ:کچے کے علاقے کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا،8 افراد جاں بحق

واقعہ گھوڑا گھاٹ تھانہ کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا،راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا جو وہ گھر لے آئے تھے،پولیس کی ابتدائی تفتیش

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 27 ستمبر 2023 11:16

کندھ کوٹ:کچے کے علاقے کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا،8 افراد جاں بحق
کندھ کوٹ ( اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 27 ستمبر 2023ء) کندھ کوٹ کے نواحی علاقے میں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ کے ایک گھر میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے دھماکہ ہو گیا،دھماکے سے 4 بچوں اور 1 خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے کے باعث 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دھماکے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایاز سبزوئی،نیاز،حنیفاں اور راشد شامل ہیں،واقعہ گھوڑا گھاٹ تھانہ کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا۔ پولیس حکام نے کہا کہ گولہ بچوں کو زمین پر ملا جو وہ گھر لے آئے،معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ روز قبل دو گروپوں کے درمیان لڑائی میں راکٹ فائر کئے گئے۔

(جاری ہے)

ایک راکٹ علی شاہ گاؤں میں گرا،راکٹ نہ پھٹنے کی وجہ سے بچے اٹھا کر گھر میں لے آئے۔

جبکہ نگران وزیراعلٰی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ نگران وزیراعلٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ کیا کوئی اسلحہ کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی۔ کیا گوٹھ میں ڈاکوؤں کے سہولت کار موجود ہیں؟۔ راکٹ لانچر سے کیسے دھماکہ ہوا جس سے اتنا جانی نقصان ہوا۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں